ملک بھر کیلئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے 90 پیسےفی یونٹ سستی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی کا عمل بھی شروع ہوگیا، کراچی سمیت ملک بھر کیلئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے 90 پیسےفی یونٹ سستی ہوگئی۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، بجلی کی قیمت میں کمی اکتوبر تا دسمبر 2024 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں کی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز صارفین پر ہوگا، بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق اپریل سے جون 2025 تک 3ماہ کیلئے ہوگا، بجلی صارفین کو کمی سے 56 ارب 38 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔ بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا، بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی کرنے کی درخواست کی تھی، نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر فروری میں سماعت کی تھی۔ دوسری جانب نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسکوز کے صارفین کیلئے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی کمی کی گئی، فروری کی فیول چارجز ایڈجسمنٹ کی مد میں 46 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی جبکہ کراچی کے صارفین کیلئے جنوری کی فیول کاسٹ ایڈجسمنٹ کی مد میں 3 روپے 2 پیسے فی یونٹ کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کااعلان کیا ہے۔