Advertisements

بہاولپور میں فروغِ خواندگی کی جانب اہم پیش رفت، این سی ایچ ڈی اور صادق ایجرٹن کالج کے مابین معاہدہ

NCHD and Sadiq Egerton College Bahawalpur Sign Agreement to Promote Literacy
Advertisements

’’ہر ایک پڑھائے ایک کو‘‘ پروگرام کے تحت مفاہمتی یادداشت پر دستخط، طلبہ و اساتذہ کی شمولیت سے شرحِ خواندگی بڑھانے کا عزم، شجرکاری مہم کا بھی انعقاد

بہاولپور (خصوصی رپورٹ) نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) بہاولپور اور گورنمنٹ صادق ایجرٹن گریجویٹ کالج بہاولپور کے مابین وزیراعظم کے قومی پروگرام ’’ہر ایک پڑھائے ایک کو‘‘ (Each One Teach One) کے تحت مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی پروقار تقریب 11 نومبر 2026ء کو کالج میں منعقد ہوئی۔

Advertisements

تقریب کی میزبانی کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر رانا محمد عمران ارشد نے کی جبکہ این سی ایچ ڈی بہاولپور کی نمائندگی ڈپٹی ڈائریکٹر میاں عبدالغفار نے کی۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے سربراہان اور متعلقہ فوکل پرسنز نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

تقریب کے دوران کالج کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور اساتذہ کو پروگرام کے اغراض و مقاصد، طریقۂ کار اور متوقع نتائج سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس اشتراک کا بنیادی مقصد کالج کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کی فعال شرکت سے رضاکارانہ تدریس کو فروغ دینا اور ناخواندگی کے خاتمے کی قومی کوششوں کو مؤثر بنانا ہے۔

تقریب میں این سی ایچ ڈی کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر لٹریسی محترمہ شکیلہ قادر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن سید نجم الحسن بخاری، کالج کے وائس پرنسپل دیوان سید آصف شہزاد، شعبہ کیمسٹری کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران انجم سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور این سی ایچ ڈی کے فیلڈ افسران رانا محمد اختر، طارق سہیل اور نعمان انجم نے شرکت کی۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد کالج کے احاطے میں شجرکاری مہم کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں وائس پرنسپل دیوان سید آصف شہزاد اور ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی میاں عبدالغفار نے پودے لگائے۔

تقریب کا اختتام دونوں اداروں کی جانب سے فروغِ خواندگی، رضاکارانہ تدریس اور سماجی و ماحولیاتی بہتری کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ ہوا۔