Contact Us

نوازشریف آصف زرداری ملاقات : حکومت سازی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا

Nawaz Sharif and Asif Zardari meeting no decision about the formation of government

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد آصف زرداری نے اپنی جماعت سے مشاورت کیلیے وقت مانگا ہے، آزاد امیدوار حکومت سازی کے لیے اہم کردار ہوتے ہیں جبکہ پنجاب میں ن لیگ حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے : مریم اورنگزیب ۔

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے قائد نوازشریف اور شریک چیئرمین پیپلزپارٹی  آصف زرداری کی ملاقات ہوئی ہے مگر حکومت سازی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تصدیق کردی،  اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، دونوں جماعتوں کے بغیر حکومت نہیں بن سکتی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد آصف زرداری نے اپنی جماعت سے مشاورت  کیلیے وقت مانگا ہے، آزاد امیدوار حکومت سازی کے لیے اہم کردار ہوتے ہیں جبکہ پنجاب میں ن لیگ حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف نے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کی، ہم سب کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل ایک اہم ملاقات ہے جس میں قیادت حتمی فیصلہ کرے گی، انہوں ن یہ بھی دعویٰ کیا کہ وفاق میں واحد سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن ہے۔

پیپلز پارٹی کا ن لیگ کے بجائے آزاد امیدواروں سے ملنا زیادہ بہتر ہے، پی پی ذرائع

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چند رہنمائوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پاس تمام آپشن کھلے ہیں مسلم لیگ ن کے ساتھ جانے سے پیپلز پارٹی کو نقصان ہوگا، آزاد گروپ ہمارے لیے بہتر ہیں۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ہمارے لیے بہتر ہوگا کہ ہم تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کے ساتھ ملیں، جونہی نتائج مکمل ہوئے، پیپلز پارٹی انتخابی عمل پر اپنا موقف دے گی، ہم مسلم لیگ ن سمیت تمام آزاد ارکان سے رابطے میں ہیں۔

شہباز شریف کی فضل الرحمان کو ملاقات کی دعوت

ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بی ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے جس میں انہوں ںے فضل الرحمان کو ملاقات کی دعوت دی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان جلد لاہور آکر مسلم لیگ ن کے قائدین سے ملاقات کریں گے۔

ایم کیو ایم کا وفد لیگی قیادت سے ملاقات کے لیے لاہور پہنچ گیا 

دریں اثنا مشترکہ حکومت سازی کے معاملے میں شہباز شریف کی دعوت پر ایم کیو ایم کا وفد  لاہور پہنچ گیا ہے، جو نواز شمسلم لیگ ن کی اعلی ترین قیادت سے ملاقات کرے گا، وفد میں  کنوینئر خالد مقبول صدیقی ، سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال، سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار اور  گورنر سند ھ کامران ٹیسوری بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ کیا تھا اور ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پرایم کیو ایم کا وفد لاہور روانہ ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات سے قبل ہی مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے درمیان اہم معاملات پر بات چیت ہوچکی تھی تاہم اس ملاقات میں وفاق میں مشترکہ حکومت سازی میں باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہو گا۔

مزید پڑھیں