نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آئینگے: شہباز شریف
اسلام آباد: لندن میں خود ساختہ جلاوطنی گزارنے والے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان واپس آرہے ہیں۔
اس بات کا اعلان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کے روز کیا۔ اور بتایا کہ وطن واپسی پر نواز شریف کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی سے ملکی معیشت درست راہ پر گامزن ہوگی اور ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہوگا، جیسے 2013 سے 2018 میں ملک میں ترقی ہورہی تھی۔ نواز شریف نے ملکی مفاد کو سب سے آگے رکھ کر ایٹمی دھماکے کیے
انہوں نے کہا کہ اپنے قائد کا لاہور میں شاندار استقبال کریں گے اور سارے ملک کے عوام نواز شریف کی واپسی کے منتظر ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کو سازش کے تحت اقتدار سے محروم کیا گیا، جس کے بعد نواز شریف تو اقتدار سے محروم نہیں ہوئے بلکہ عوام ترقی و خوش حالی سے محروم ہوگئے۔
اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما اس بات کا اعلان کرچکے ہیں کہ نوازشریف وطن واپس آنے کے بعد اپنے مقدمات کے حوالے سے قانون کا سامنا کریں گے اور وہ انتخابی مہم کی قیادت بھی کریں گے۔