Advertisements

نواز شریف نےشہباز شریف کو عمران خان سے مذاکرات کرنے سے روک دیا

Nawaz and Shehbaz
Advertisements

 لندن: مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو عمران خان سے کسی بھی قسم کے مذاکرات سے روک دیا اور کہا ہے کہ اس فتنے کا نہ کوئی مطالبہ مانا جائے اور نہ فیس سیونگ دی جائے۔

اپنی ٹوئٹ میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ 10 لاکھ لانے کا دعویٰ کرنے والا ابھی تک 2000 بندے اکٹھے نہیں کر سکا، عوام کی لا تعلقی کی وجہ وہ شر انگیز جھوٹ ہیں جن کا کچا چٹھہ قوم کے سامنے آ چکا ہے۔

Advertisements

انہوں نے کہا کہ عمران نے ایک کے بعد ایک جھوٹ اتنی بے دردی اور ڈھٹائی سے بولا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو مجبوراً اپنی خاموشی توڑ کر قوم کو سچ بتانا پڑا جس کا جواب یہ اتنے دن گزرنے کے بعد بھی نہیں دے سکا، اسی لیے اس کا سارا زور حسبِ عادت صرف گالی گلوچ تک محدود ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ میں نے شہباز شریف سے کہہ دیا ہے  یہ2 ہزارکا جتھہ لے آئے یا 20 ہزار کا، نہ اس فتنے کا کوئی مطالبہ سننا ہے نا ہی اسے کوئی فیس سیونگ دینی ہے، جس کے لیے یہ بیتاب ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم کو اپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت پر مرکوز رکھنی چاہیے۔

خیال رہے کہ  پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ عمران خان کی قیادت میں 28 اکتوبر سے جاری  ہے اور اب تک گوجرانوالا پہنچا ہے۔