ملک میں غربت، مہنگائی اور بےروزگاری کے ذمے دار پیپلزپارٹی اور نواز شریف ہیں : سراج الحق
کیا ہمارے بچے دو خاندانوں شریف اور زرداری کے غلام رہیں گے؟ امیر جماعت اسلامی پاکستان کا بہاولپور میں خواتین کنونشن سے خطاب
بہاول پور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کیا ہمارے بچے دو خاندانوں شریف اور زرداری کے غلام رہیں گے۔
سراج الحق نے بہاولپور میں خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کیلیے جمع ہوئے ہیں، مسلمان ممالک اپنے جہاز اور اپنا اسلحہ مسلمانوں کے تحفظ کے لیئے استعمال نہیں کررہے، غزہ میں لوگ ہمارے انتظار میں ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پاکستان میں قرآن کا نظام چاہتی ہے، قرآن کا پیغام ہے کہ مظلوم کے ساتھ کھڑے ہو اور ظالم کے خلاف کھڑے ہوجاؤ، اللہ کے سوا کوئی اطاعت کے لائق نہیں، قرآن اٹھا کر وعدہ کرتا ہوں، حکومت ملی تو ملک کو قرآن کے نور سے روشن کرینگے، آپ نے صرف ترازو کو ووٹ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلیے زرداری، نواز شریف، عمران خان نے کچھ نہیں کیا، 76 سال ان جماعتوں نے ملک پر حکومت کی، انھوں نے ایک دن کیلیے بھی ملک میں اللہ کا دین نافذ نہیں کیا، ہماری حکومت آئی تو ڈاکٹر عافیہ کو پاکستان لائیں گے، ہزاروں کشمیری بھارتی جیل میں قید ہیں، ان کی آزادی کیلیے حکومت کیا کررہی ہے؟۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ملک میں غربت، مہنگائی اور بےروزگاری کے ذمے دار پیپلزپارٹی اور نواز شریف ہیں، دونوں خاندانوں نے کرپشن کو عام کیا، خاندانوں کی سیاست و حکومت کو ہم نہیں مانتے، کیا ہمارے بچے ان دو خاندانوں کے غلام رہیں گے، جماعت اسلامی آئیگی تو ان لوگوں کا احتساب کرینگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت میں بچوں کی تعلیم و علاج مفت ہوگا، 300 یونٹ تک بجلے مفت دینگے۔