نواز، شہباز ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا فیصلہ
وزیر اعظم کو بجٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور معاشی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ٹھوس منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت
لندن: وزیر اعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے ہونے والی ملاقات میں آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر کرانے پر اتفاق کیا گیا۔
شہباز شریف کی لندن میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، ملاقات کے دوران نواز شریف نے شہباز شریف کو پارٹی کیلئے روڈ میپ دے دیا۔
ملاقات کے دوران انتخابات کیلئے پارٹی کو متحرک کرنے اور پارلیمنٹ کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، اس موقع پر نواز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق قائد مسلم لیگ ن نے وزیر اعظم کو بجٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور معاشی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ٹھوس منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو مزید فعال بنایا جائے اور لیگی کارکنوں کو عزت دی جائے، انہوں نے وزرا کو کارکنوں سے رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت کی۔
ملاقات کے دوران قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی وطن واپسی اور ان کے خلاف مقدمات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔