Contact Us

نواب سر صادق محمد خان الخامس کی زندگی کو ایک روشن مثال کے طور پر یاد رکھا جائے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب

nawab sadiq in military uniform

بہاول پور (پ ر)انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہاکہ سر صادق محمد خان ایک باذوق، خلیق، ملنسار، مرنجاں مرنج، جوہر شناس اور صاحب ِ جلال وجمال حاکم تھے۔انہوں نے اپنے طرزِ حکمرانی سے ریاست بہاول پور کے تمدن، معاش اور سماج پر گہرے نقوش ثبت کیے۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر علامہ محمد طاہر سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر علامہ محمد طاہر نے وائس چانسلر کو اپنی کتاب  ”ریاست بہاول پور کا نظم مملکت“ پیش کی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ نواب صاحب کے دور اقتدار میں یہ خطہ مذہبی اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی، مساوات ورواداری، عدل وانصاف اور علم و ادب کا گہوارہ تھا۔انہوں نے بہاول پور کو ایک جدید، ترقی یافتہ اور خوش حال ریاست بنانے میں کسی طرح کی کوئی کسر نہ چھوڑی۔ حقیقت میں یہ علاقہ قیامِ پاکستان سے قبل ہی مِنی پاکستان بن چکا تھا۔تعلیمی اور زرعی اصلاحات کی بدولت عوام آسودہ حال تھے۔تعلیم اور صحتِ عامہ جیسے شعبوں پر خصوصی توجہ کی بدولت علاقے کی سماجی ترقی اپنی مثال آپ تھی۔نواب آف بہاول پور دراصل پیدائشی حکمران تھے اور انہوں نے بچپن ہی سے سلطنت برطانیہ کے جاہ و جلال کا گہرا مشاہدہ کیا تھااور یورپ میں ہونے والی ترقی کو اس دور افتادہ علاقے پر لاگو کرنے کی بھرپوراور کامیاب سعی بھی کی۔ نواب آف بہاول پور نے ستلج ویلی پراجیکٹ کی بدولت ریگستان کو چمنستان بنا دیا جس سے وسائل اور آمدنی میں اضافہ ہوا،اداروں کو جدید اور مستحکم بنایا گیا، فوجی نظم ونسق پر بھی بھرپور توجہ دی اور ریاست کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی احسن انداز میں حفاظت کی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سر صادق محمد خان الخامس کی زندگی کو ایک روشن مثال کے طور پر یاد رکھا اور مثبت پہلوؤں کو نئی نسل تک پہنچایا جائے۔اس موقع پرشہزاد احمد خالد ڈائریکٹر پریس میڈیا اینڈ پبلیکشنز، ڈاکٹر جام سجاد حسین ڈائریکٹر سنٹر فار میڈیا، سوسائٹی اینڈ ڈیموکریسی اور زاہد سلیمان ایڈیشنل ڈائریکٹر یونیورسٹی پرینٹنگ پریس موجود تھے۔ 

DR. Tahir present a book to WVC

مزید پڑھیں