پاکستان کو مضبوط مملکت بنانے میں ریاست کے نواب صاحب کا کردار قابلِ قدر ہے گور نر پنجاب

حافظ حسین احمد مدنی قریشی کی دعوت پر سردار سلیم حیدر کا جم خانہ کلب بہاولپور کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال
بہاولپور:گور نر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ سر زمین بہاولپور تہذیب و تمدن، علم و عرفان اور خلوص و محبت کا گہوارہ ہے۔ پاکستان کو مضبوط مملکت بنانے میں ریاست کے نواب صاحب کا کردار قابلِ قدر ہے۔ یہاں کے محلات، قدیم خوبصورت عمارتیں، عظیم تعلیمی ادارے اور عوام کے لئیے تفریحی مقامات اپنے معیار اور قابلِ دید طرز تعمیر کی وجہ سے پاکستان بھر میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔
علاوہ ازیں گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ جدو جہد اور قربانیوں سے بھری پڑی ہے اور اسی جد و جہد کی بدولت آج جمہوریت ایک توانا درخت بن چکی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مین بہت جلد دوبارہ آؤنگا اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے تفصیلی ملاقات کرونگا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے حافظ حسین احمد مدنی قریشی کی دعوت پر جم خانہ کلب بہاولپور کے دورہ کے موقع پر کیا۔ بعد ازاں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں عمائدینِ شہر، علما کرام، تاجران، سول سوسائٹی نیٹ ورک کے نمائندوں، وکلا تنظیموں کے عہدیداروں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ گور نر پنجاب نے شاندار تقریب کے انعقاد پر حافظ حسین احمد مدنی کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں جم خانہ ہال پہنچنے پر پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد علی احسن اور ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات پی پی پی بہاول پور ملک شاہ محمد چنڑ نے گورنر پنجاب کو پھولوں کے دستے پیش کیے اور دیگر جیالوں نے والہانہ استقبال کیا گیا۔ سردار سلیم حیدر خان نے اپنے خطاب کے بعد تمام شرکاء سے فردا فردا جا کر خود ملے اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں ۔