Contact Us

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس: 9 مئی کو قومی سطح پر یوم سیاہ کے طورپر منانے کا اعلان

NSC meeting 16th May 2023

اسلام آباد:  وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، اجلاس میں 9 مئی کو قومی سطح پر یوم سیاہ کے طور پر منانے پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اہم اجلاس میں عسکری قیادت، خفیہ اداروں کے حکام، وفاقی وزرا اور چاروں وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، اس موقع پر 9 مئی کو ہونے والے واقعات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، شرکاء کی جانب سے پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جلاؤ گھیراؤ اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

اجلاس میں شہداء اور اُن کے اہل خانہ کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا، شرکاء نے تشدد اور شرپسندی کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے پر اتفاق کرتے ہوئے سوشل میڈیا کے قواعد و ضوابط کے سختی سے نفاذ کی ہدایت کر دی، اجلاس میں پیچیدہ جیو اسٹریٹجک ماحول میں قومی اتحاد اور یگانگت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ سیاسی اختلافات کو مذاکرات سے حل کرنا چاہیے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوجی تنصیبات اور عوامی املاک کی حرمت کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور 9 مئی کے واقعات میں ملوث تمام عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، شر پسند عناصر کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہوں گے، فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔

مزید پڑھیں