تحریک اتحاد بین المسلمین نے محرم الحرام میں قیام امن کے لیے 10 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا
لاہور : تحریک اتحاد بین المسلمین نے محرم الحرام میں قیام امن کیلئے 10نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ۔اس سلسلہ میں بدھ کے روز رحمانی اسلامک سنٹر جے بلاک ماڈل ٹائون لاہور میں قومی امن سیمینارکا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالوحید روپڑی نے تمام مسالک کے علما کی موجودگی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے10نکاتی ضابطہ اخلاق کا اعلان کیا ۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و چیئرمین علما بورڈ پنجاب حافظ طاہر محمود اشرفی، مولانا حافظ عبد الوھاب روپڑی، پروفیسر سیف اللہ خالد،مولانا محمد عاصم مخدوم، مولانا حافظ عبد الوحید روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر،علامہ رشید احمد ترابی،مولانا عبدالرب امجد،پروفیسر سید محمود غزنوی،مولانا محمد اسلم صدیقی سمیت دیگر جید علما کرام و مشائخ عظام نے شرکت کی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم اہنگی و چیئرمین علما بورڈ پنجاب حافظ طاہر محمود اشرفی نے اس موقع پر کہا کہ یکم محرم الحرام سیدنا فاروق اعظم اور دس محرم حضر ت امام حسین کی شہادت کا دن ہے، اصحاب رسول اور اہل بیت ہمارے ایمان کا حصہ ہیں ،ہمیں فضائل اصحاب و اہلبیت میں بغض سے کام نہیں لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلی محسن نقوی نے اتحاد بین المسلمین کمیٹی کو قانونی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ دشمن تقسیم چاہتا ہے، گزشتہ محرم میں سوشل میڈیا پر متنازع مواد کو نکالا گیا،ہم ایک دوسرے کے لیے محبت اور امن پھیلانے والا بننا ہوگا،ہم تمام الہامی کتابوں کو مانتے ہیں اور اگر ہم نہ مانیں تو مسلمان ہو ہی نہیں سکتے،کوئی بھی عالم یاذاکر فرقے کی بات کرے گا تو حکومت ایکشن لے گی ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے آغاز میں تمام مکاتب فکر میں ایک ناطہ واضح ہے تمام مقدسات کی توہین حرام ہے،پیغام پاکستان میں سب نے واضح کیا ہے کہ ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کیا جائے گا اور کسی بھی مکتبہ فکر کے مسلمان کو کافر قرار نہیں دیا جاسکتا ہے،پاکستان کے امن و مان اور استحکام کے لیے ہم ملک کے سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔قبل ازیں تحریک اتحاد بین المسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالوحید روپڑی نے میڈیا کو 10نکاتی ضابطہ اخلاق بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے ملک کی تمام مذہبی قوتیں ہر سطح پر تحریک اتحاد بین المسلمین کے پلیٹ فارم سے حکومت اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے ساتھ تعاون کریں گی۔ مولانا عبدالوحید روپڑی نے کہا کہ مذہب یا مسلک کے نام پر فرقہ واریت اور دہشت گردی خلاف اسلام و قانون ہے،کسی بھی مسلمان فرقے کی تکفیر جائز نہیں،آئین پاکستان میں مسلمان کی تعریف تمام اکابرین کے درمیان متفق علیہ ہے ،مقدس شخصیات میں کسی کی توہین یا تحقیر کرنا جرم ہے جبکہ ہمارہ مطالبہ ہے کہ حکومت ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کرے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ علما کرام محرم الحرام کے پروگرامات،تقریبات اور خطبات جمعہ میں بین المسالک ہم آہنگی پر تفصیلی گفتگو فرمائیں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں اہل سنت اور اہل تشیع ایک دوسرے کو اپنے اپنے پروگرامات میں دعوت دیں تاکہ سماجی تعلقات سے فرقہ واریت کا خاتمہ ممکن ہو۔انہوں نے کہا کہ مذہبی رسائل،اخبارات،پمفلٹس،سوشل میڈیا وغیرہ میں منافرت پر مبنی شرانگیز مواد اور فساد برپاکرنیوالی تقریروں پر مکمل پابندی عائد کی جائے ۔انہوں نے ضابطہ اخلاق میں مطالبہ کیا کہ مسلکی ہم آہنگی کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات،علما کے 22 نکات اور آئین پاکستان میں موجود قوانین پر مکمل عملدرآمد کیا جائے اور فرقہ واریت پھیلانے والے مذہبی رہنمائوں کوشر انگیز تقاریر سے روکا جائے،مجالس اور جلوسوں کے اوقات کی پابندی کی جائے اور جلوسوں کے راستوں اور مجالس کے مقامات کے تحفظ کے لیے حکومت اورمتعلقہ ذمہ داران کے درمیان رابطوں کا موثر نظام بنایا جائے۔عبدالوحید روپڑی نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں نے پاکستان کے دفاع کیلئے جو خدمات اور قربانیاں دی ہیں وہ قابل تحسین اور قابل فخر ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ قومی سلامتی کے اداروں اور ریاست کیخلاف مسلح محاذ آرائی ،تخریب کاری،فساد کی تمام صورتیں اسلامی شریعت کی رو سے ناجائز اور حرام ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک اتحاد بین المسلمین کے پلیٹ فارم سے اتحاد امت کے بیانیہ کے فروغ کیلئے مہم عشرہ محرم الحرام کے دوران بھی جاری رہے گی۔آخر میںحافظ طاہر محمود اشرفی نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے فیسیلی ٹیشن کمیٹی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوست ممالک اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور کروڑوں کنال بنجر زمین کو زرخیز کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں ،جب ہم ایک دوسرے کے قریب آئیں گے ہمارا اتحاد کشمیر اور فلسطین کو آزادی دے گا،ہم نے ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کرنا ہے ۔قومی امن سیمینار میں تحریک اتحاد بین المسلمین مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی ،امیر جماعت اہلحدیث پاکستان سید طاہر رضا بخاری سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔