نیب کی سالانہ آگاہی مہم بہاولپور ڈویژن کے طلباء و طالبات کے مابین اردو، انگریزی اور سرائیکی زبانوں میں حسنِ تقریرمقابلہ کا انعقاد
تقریب کی صدارت پرنسپل گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج بہاولپور ڈاکٹر رانا محمد عمران ارشد نے کی، جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ملتان توصیف حنیف مہمان خصوصی تھے۔
بہاول پور:2/ نومبر (پریس ریلیز ) قومی احتساب بیورو (نیب) کی سالانہ آگاہی مہم کے سلسلے میں بہاولپور ڈویژن کی سطح پر سرکاری و نجی کالجوں کے طلباء و طالبات کے مابین اردو، انگریزی اور سرائیکی زبانوں میں مقابلہ حسنِ تقریر کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلے کا مرکزی عنوان ”نوجوان: دیانت کی پہچان، بدعنوانی کے خلاف ایک آواز“ تھا، جس کا مقصد نوجوان نسل میں بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ایمانداری، شفافیت اور اصول پسندی کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔مقابلے میں بہاولپور ڈویژن کے مختلف سرکاری و نجی کالجوں کے طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
نوجوان مقررین نے تینوں زبانوں میں مدلل تقاریر کے ذریعے بدعنوانی کے معاشرتی و قومی نقصانات، دیانت داری کی اہمیت اور شفاف معاشرے کے قیام کے لیے نوجوانوں کے کردار کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔تقریب کی صدارت پرنسپل گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج بہاولپور ڈاکٹر رانا محمد عمران ارشد نے کی، جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ملتان توصیف حنیف مہمان خصوصی تھے۔مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ملتان توصیف حنیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور وہ بدعنوانی کے خلاف جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ نیب کی آگاہی مہم کا مقصد صرف کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنا نہیں بلکہ نوجوان نسل میں دیانت داری، ایمانداری اور شفاف طرزِ عمل کا شعور بیدار کرنا بھی ہے تاکہ معاشرے میں بدعنوانی کے خاتمے اور مثبت اقدار کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔
پرنسپل ایس ای کالج ڈاکٹر رانا محمد عمران ارشد نے کہا کہ تعلیمی ادارے طلباء و طالبات کی علمی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی و کردار سازی میں بھی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں ۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ عملی زندگی میں ایمانداری اور اصول پسندی کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ دیانت دار نوجوان ہی قوم کے روشن مستقبل اور ملک کی ترقی کی ضمانت ہیں ۔مقابلہ حسنِ تقریر کے نتائج کے مطابق انگریزی مقابلے میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن، سیٹلائٹ ٹاؤن بہاولپور کی عمارہ نذیر نے پہلی، گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن رحیم یار خان کی ہریرہ زمان نے دوسری اور اسی کالج کی ایمن سعید نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اردو تقریری مقابلے میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج صادق آباد کے محمد نافع ظفر نے پہلی، گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن رحیم یار خان کی شیبہ منظور نے دوسری اور گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن بہاولنگر کی صدیقہ ربانی نے تیسری پوزیشن اسی طرح سرائیکی تقریری مقابلے میں گورنمنٹ صادق ایجرٹن گریجویٹ کالج بہاولپور کے محمد حسان شاہ نے پہلی، گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن، دبئی محل روڈ بہاولپور کی خدیجہ ممتاز نے دوسری اور گورنمنٹ گریجویٹ کالج صادق آباد کے محمد رانا شہزاد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔مقابلوں کے شفاف اور غیر جانب دارانہ انعقاد کے لیے نامور تعلیمی و ادبی شخصیات نے بطور منصف فرائض انجام دیے، جن میں دی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ انگریزی کی ڈاکٹر نورین اصغر، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی لودھراں کیمپس کی ڈاکٹر مریم امتیاز، گورنمنٹ گریجویٹ کالج بغداد روڈ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ابوذر منیر، گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج کے ریٹائرڈ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سید عبدالعزیز بخاری، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ سرائیکی کے محمد ممتاز خان بلوچ اور گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج کے شعبہ سرائیکی کی شمائلہ منظور شامل تھیں ۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں مہمان خصوصی، صدر تقریب اور نیب حکام کی جانب سے اسناد، ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی عملی زندگی میں دیانت داری، شفافیت اور اصول پسندی کو ترجیح دیتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمے اور ایک ذمہ دار معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

