مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم شہبازشریف کے زیرصدارت مشاورتی اجلاس
نوازشریف کی 21 اکتوبر کو وطن آمد پر استقبال کی اب تک کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم شہبازشریف کے زیرصدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں قائد محمد نوازشریف کی 21 اکتوبر کو وطن آمد پر استقبال کی اب تک کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، پارٹی رہنماؤں نے اب تک کے انتظامات کے حوالے سے پارٹی صدر کو آگاہ کیا، شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں، عہدیداروں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے کمر کس لی ہے، معاشی اندھیرے مٹانا، عوام کو ریلیف دلانا، یہی نوازشریف کا ایجنڈا ہے، معیشت کی بحالی، قومی اتحاد اور دہشت گردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری توجہ، صلاحیتوں اور اقدامات کا رُخ عوام کو مسائل سے نجات دلانے کی طرف تھا، ہے اور رہے گا، نواز شریف کا اصل ایجنڈا عوام کو تکلیف سے نکالنا اور ریلیف دینا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ نوجوانوں کو روشن مستقبل دے کر پاکستان کا معمار بنانا، انہیں تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنانا اولین ترجیح ہے، شہباز شریف نے چیف آرگنائزر مریم نواز شریف و دیگر عہدیداروں اور رہنماؤں کو پارٹی کو فعال اور متحرک کرنے پر شاباش دی اور اب تک کے اقدامات کو سراہا۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو تمام تنظیموں کے ساتھ کوآرڈی نیشن کو موثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔