محمد نواز شریف کی گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے 4 سال قبل ان کی اہلیہ اور بیٹے کی ٹریفک حادثے میں انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی
سابق وزیراعظم محمد شہباز شریف، مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز ،مسلم لیگ (ن)کے رہنما رانا ثنا اللہ ، پرویز رشید اور دیگر بھی موجود تھے
لاہور 08نومبر2023 …پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر قائد مسلم لیگ (ن)محمد نواز شریف نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے 4 سال قبل ان کی اہلیہ اور بیٹے کی ٹریفک حادثے میں انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔2019 میں جب یہ حادثہ ہوا محمد نواز شریف ملک سے باہر تھے۔ محمد نواز شریف نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی اہلیہ اور بیٹے کے انتقال پر گورنر پنجاب اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف نے کہا کہ یہ زندگی کا بہت بڑا صدمہ ہے۔ اہلیہ کی وفات ذاتی زندگی اور بچوں کے حوالے سے بہت بڑا امتحان ہوتا ہے۔ اللہ تعالی آپ اور آپ کے بچوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد شہباز شریف، مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز ،مسلم لیگ (ن)کے رہنما رانا ثنا اللہ ، پرویز رشید اور دیگر بھی موجود تھے۔