محمد علی درانی کا بہاولپور صوبہ سمیت ملک بھر میں نئے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام کے لیے ملک گیر مہم کا اعلان
بہاولپور اور ہزارہ صوبے فوری بنائے جائیں۔ نئے صوبوں کے قیام سے وسائل کی منصفانہ تقسیم ہوگی اور روزگار، تعلیم اور صحت کی سہولتیں بہتر ہوں گی۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات کی اوچ شریف میں تحریک بحالی صوبہ بہاولپور کے رہنماء مخدوم ناصر عباس بخاری ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو
وہ دن دور نہیں جب بہاول پور صوبہ اور ملک بھر میں دیگر چھوٹے صوبوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا مخدوم سید ناصر عباس بخاری ایڈووکیٹ رہنماء تحریک بحالی صوبہ بہاولپور
*اوچ شریف ۔ ( رپورٹ ۔ ضیاء الحق شہزاد ) سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے بہاولپور صوبہ سمیت ملک بھر میں نئے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام کے لیے ملک گیر مہم کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آج بہاولپور سے اس مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا ۔
اوچ شریف میں تحریک بحالی صوبہ بہاولپور کے رہنماء مخدوم ناصر عباس بخاری ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھانا ہے تو نئے صوبے بنانا ہوں گے۔ موجودہ نظام عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ اختیارات چند بڑے شہروں تک محدود ہیں جبکہ دور دراز کے علاقوں کے عوام بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور صوبہ کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں منظور ہو چکی ہے۔ یہ صرف بہاولپور کے عوام کا مطالبہ نہیں بلکہ ایک آئینی، تاریخی اور قانونی حق ہے۔ ریاست بہاولپور کے ساتھ حکومت پاکستان کا معاہدہ ہوا تھا کہ ون یونٹ کے خاتمے پر بہاولپور کو دوبارہ صوبہ بنایا جائے گا، اور وہ معاہدہ آج بھی ریکارڈ کا حصہ ہے۔ محمد علی درانی نے کہا کہ پورے ملک میں صوبے بننے چاہئیں، بہاولپور اور ہزارہ صوبے فوری بنائے جائیں۔ نئے صوبوں کے قیام سے انتظامیہ عوام کے قریب آئے گی، وسائل کی منصفانہ تقسیم ہوگی اور روزگار، تعلیم اور صحت کی سہولتیں بہتر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں چھوٹے صوبوں اور مضبوط مقامی حکومتوں سے پاکستان کی خوشحالی ہوگی۔ بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے عوام کو چھوٹے سے کام کے لیے 600 کلومیٹر سفر کر کے لاہور جانا پڑتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے صوبوں سے عوام کی شراکت اقتدار میں ہوگی اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں گے، جو جمہوریت کی اصل روح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو پارٹیاں نئے صوبوں کی مخالفت کریں گی وہ ختم ہو جائیں گی، کیونکہ یہ عوام کی آواز ہے اور عوام کی آواز کو زیادہ دیر دبایا نہیں جا سکتا۔ اس موقع پر تحریک بحالی صوبہ بہاولپور کے رہنماء مخدوم سید ناصر عباس بخاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ وہ اس مہم میں ان کے شانہ بشانہ ہیں اور وہ دن دور نہیں جب بہاول پور صوبہ اور ملک بھر میں دیگر چھوٹے صوبوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

