کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم انتخابات کے بیانات نہ دے ، انتخابات وقت پر ہی ہوں گے۔
آصف علی زرداری سے ایم کیوایم کے وفد نے ملاقات کی۔ بلاول ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایم کیوایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، کنور نوید جمیل، جاوید حنیف اور صادق افتخار شامل تھے۔ آصف زرداری کے ہمراہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، ناصر شاہ، سعید غنی، مرتضی وہاب و دیگر بھی موجودتھے
ایم کیو ایم رہنما نے شکایت کی کہ زرداری صاحب ہمارے ساتھ کئے گئے معاہدے پر آپ کی سیکنڈ لیڈرشپ پیش رفت نہیں چاہتی، بلدیاتی انتخابات بھی ملتوی ہورہے ہیں ہمیں ایڈمنسٹریٹر کراچی سمیت معاہدے میں شامل نکات پر عملدرآمد چاہیے۔
آصف زرداری نے یقین دہانی کرائی کی کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کل آپ کے مسائل پر بیٹھیں گے پیش رفت ہوگی
ملاقات میں سندھ میں بلدیاتی نظام میں ترامیم اور نئی قانون سازی سمیت دونوں جماعتوں میں ہونے والے معاہدے کے نکات پر اب تک کی گئی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں جماعتوں میں اتفاق رائے ہوا کہ بات چیت سے جلد تمام امور طے کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ ایم کیو ایم انتخابات کے بیانات نہ دے ، انتخابات وقت پر ہی ہوں گے ، آگے بھی ملکر چلیں گے، ہم کشتیاں جلاکر آئے ہیں اب بھی کوئی پیچھے کیوں ہٹے گا، ملک کی معاشی صورتحال خراب ہے پہلے اسے ٹھیک کرنا ہے، عمران 25 مئی کو بھی ناکام ہوا آگے بھی ناکام ہوگا۔