اسلامیہ یونیورسٹی اور ویدر والے ادارے کے مابین باہمی اشتراک کے معاہدے پر دستخط
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور زرعی تحقیق اور چولستان کی لاکھوں ایکٹر اراضی کو بارشوں میں اضافے کے خصوصی نظام کے ذریعے آباد کرنے کے لیے محکمہ موسمیات اور دیگر اداروں سے تعاون بڑھا ر ہی ہے اور باہمی تعاون اور اشتراک کے معاہدے کیے جا رہے ہیں۔ ویدر والے ڈیجیٹل موسمیاتی معلومات مہیا کرنے والا ایک نجی ادارہ ہے جو ٹیکنالوجی کی مدد سے جدید خطوط پر موسمیاتی پیشگوئی کرتا ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور ویدر والے ادارے کے مابین باہمی اشتراک سے یونیورسٹی طلباء و طالبات کو انٹرنشپ اور ملازمت کے مواقع میسر آئیں گے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے طلباء وطالبات کو موسمیاتی سفیر بنایا جائے گا۔ یونیورسٹی اور چولستان میں موسمیاتی مراکز کے قیام میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب میں زراعت کے حوالے سے موسمی پیشگوئیوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ بارشوں میں اضافے کے پروجیکٹ کے لیے مناسب تکنیکی مدد فراہم کی جائے گی۔ موسمیات کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر معلومات کا تبادلہ کیا جائے گااور ایک ڈیٹا بیس قائم کیا جائے گا۔ معاہدے پر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہرمحبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور گوہر ایوب خان سٹیشن ڈویلپمنٹ ویدر والے نے دستخط کیے۔ اس موقع پر نامور ماہر موسمیات، یونیورسٹی ایلومینائی محمد حنیف اور ڈاکٹرعلی رضا ڈائریکٹر نیشنل ریسرچ سنٹر انٹرکراپنگ ٹیکنالوجی اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور موجود تھے۔