اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور تھائی لینڈ کی نریسوان یونیورسٹی کے درمیان ڈیجیٹل سپلائی چین مینجمنٹ کے شعبے کی ترقی اور باہمی تعاون کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور تھائی لینڈ کی نریسوان یونیورسٹی کے درمیان ڈیجیٹل سپلائی چین مینجمنٹ کے شعبے کی ترقی اور باہمی تعاون کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے۔ یاداشت پر نریسوان یونیورسٹی کے پریزیڈنٹ کنچنا نگورنگسی اور وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت دونوں تعلیمی اداروں کے اساتذہ، سکالرز اور سٹاف ممبران تدریس و تحقیق کے شعبوں سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ فیکلٹی اور سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام کے تحت دونوں جامعات کے اساتذہ اور محققین اپنی تدریسی و تحقیقی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔ دونوں جامعات کے طلباء و طالبات سے کسی قسم کی ٹیوشن فیس نہیں لی جائے گی۔ ریسرچ اور دیگر دوسرے امور کے اخراجات بھی میزبان ادارے ادا کریں گے۔ دونوں جامعات طلباء و طالبات اور فیکلٹی کے لیے خصوصی سکالرز شپ فنڈ جاری کریں گی۔ دونوں ادارے مشترکہ تحقیقی منصوبے اور تحقیقی مواد شائع کرنے کے علاوہ کانفرنسز، سیمینارز اور ورکشاپ بھی منعقد کریں گی۔ اس موقع پر پریزیڈنٹ کنچنا نگورنگسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دونوں جامعات کے مابین تعاون ڈیجیٹل سپلائی چین مینجمنٹ کے شعبے میں انتہائی خوشگوار ہے اور یہ دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون کے دروازے کھولے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سپلائی چین مینجمنٹ بہت اہم شعبہ ہے اورانہوں نے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کا شکریہ ادا کیا۔