امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کی والدہ محترمہ انتقال کر گئیں
امیر آف بہاولپور نواب محمد عباس خان عباسی مرحوم کی اہلیہ محترمہ نے پسماندگان میں نواب صلاح الدین عباسی ،اور دو صاحبزادیوں شہزادی یاسمین عباسی اور شہزادی نوشین عباسی کو سوگوار چھوڑا ہے
ہر ہائنس مرحومہ ولی عہد پرنس بہاول عباس خان عباسی کی دادی اماں تھیں ،ادارہ روزنامہ نوائے احمدپور شرقیہ کاسوگوار شاہی خاندان سے اظہار رنج و غم
اسلام آباد : یہ خبر انتہائی رنج وغم کے ساتھ پڑھی اور سنی جائے گی کہ امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کی والدہ محترمہ ہر ہائنس شمسہ عباسی مختصر علالت کےباعث آج اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئیں- اُنکی عمر پچانوے سال تھی- خیال رہے کہ مرحومہ امیر آف بہاولپور مرحوم الحاج بریگیڈیئر نواب محمد عباس خان سابق گورنر پنجاب و سابق وفاقی وزیر کی اہلیہ تھیں جنہوں نے پسماندگان میں امیر بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی ،اور دو صاحبزادیوں شہزادی یاسمین عباسی اور شہزادی نوشین عباسی کو سوگوار چھوڑا ہے ،جبکہ اُنکے چھوٹے صاحبزادے پرنس فلاح الدین عباسی 2016 میں کینسر کے عارضے میں مبتلا رہنے کے بعد لندن میں انتقال کر گئے تھے آپ ولی عہد امیر بہاولپور پرنس بہاول عباس خان عباسی کی دادی محترمہ بھی تھیں جو نیک اور پابند صوم و صلوٰۃ خاتون تھیں ۔
اُنکی نماز جنازہ اور تدفین کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا- ادارہ روزنامہ نوائے احمدپور شرقیہ ہر ہائنس بیگم صاحبہ امیر آف بہاولپور مرحوم کے انتقال پر امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی ،اُنکی ہمشیرگان اور ولی عہد پرنس بہاول عباس خان عباسی کے غم میں برابر کا شریک ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر ہائنس بیگم صاحبہ امیر آف بہاولپور کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے اور سوگوار شاہی خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے آمین

