ایک روزہ خصوصی شجرکاری مہم میں ایک ورلڈ ریکارڈ ہوگا جو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرایا جائے گا طالب علم عبداللہ تنصیر،محمد حسین خان، حیدر علی اور ان کے90ساتھیوں کی ٹیم اس شجرکاری مہم کا ہراول دستہ ہیں کمشنر راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کی پریس کانفرنس
بہاول پور:13/دسمبر: کمشنر بہاول پور راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر بہاول پور زاہد پرویز وڑائچ نے ایک روزہ خصوصی شجرکاری مہم کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ15دسمبر کو بہاول پور میں 24 گھنٹے کے دوران 95ہزار سے زائد پودے تقسیم کیے جائیں گے جو ایک ورلڈ ریکارڈ ہوگا۔ اس روز بہاول پور میں شہر کے13منتخب مقامات پر 24 گھنٹے تک شہری پودے حاصل کرسکیں گے۔ایک روز میں 30ہزار سے زائد طلبا و طالبات، عام شہری، سرکاری ملازمین، سماجی تنظیموں کے نمائندے 95ہزا ر سے زائد پودے لگانے کی مہم میں شریک ہوں گے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انورنے کہا کہ اب تک انڈیا کے علاقے اُترپردیش میں 76ہزار پودوں کی تقسیم کا ورلڈ ریکارڈ ہے جسے بہاول پور کے نوجوانوں اورمختلف اداروں، سماجی تنظیموں کی کاوش سے95ہزار کی تعداد کے عالمی ریکارڈ سے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس خاص مہم کے لیے70 ہزار پودے پرائیویٹ اداروں اور سماجی تنظیموں نے فراہم کیے ہیں۔ راجہ جہانگیر انورنے کہا کہ طالب علم عبداللہ تنصیر،محمد حسین خان، حیدر علی اور ان کے90ساتھیوں کی ٹیم اس شجرکاری مہم کا ہراول دستہ ہیں اوراسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز، صادق ویمن یونیورسٹی اور دیگر سکولوں و کالجز کے طلبا و طالبات اس مہم میں شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین فاؤنڈیشن سماجی تنظیم کے نوجوان کی تحریک پر اس ورلڈ ریکارڈ کا آئیڈیا منتخب کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمی تغیرات سے نبردآزما ہونے کے لیے وسیع پیمانے پر شجرکاری ناگزیر ہے اورہر شہری کو ذمہ دارانہ رویہ اپنا کرپودوں کی آبیاری و نشوونما میں سرکاری اداروں کے ساتھ مددگار ثابت ہونا ہوگا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا پودے لگا کر ان کی نشوونما پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔