Contact Us

اوچ شریف اور گردونواح میں ڈیڑھ سو سے زائد غیر قانونی کمرشل تعمیرات کا انکشاف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو درخواست

More than 150 commercial constructions reported in Uchsharif town and its suburbs

حکام نے غیر قانونی کمرشل تعمیرات کے انکشاف پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور سے رپورٹ طلب کر لی اسسٹنٹ کمشنر فیصل احمد کا شہر میں تمام کمرشل تعمیرات کا سروے کرانے کا فیصلہ


اوچ شریف(کرائم رپورٹر ) اوچ شریف اور گردونواح میں ڈیڑھ سو سے زائد غیر قانونی کمرشل تعمیرات کا انکشاف، نجی تعلیمی ادارے اور کمرشل مارکیٹس مالکان قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے میں ملوث، حکومت نے  رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق اوچ شریف اور گردونواح کے علاقوں میں تقریباً 151 غیر قانونی کمرشل تعمیرات کا انکشاف ہوا ہے۔ انجمن تحفظ حقوق شہریان تحصیل احمد پور شرقیہ نامی ایک سماجی تنظیم کے صدر سید عمران شاہ کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈائریکٹر جنرل محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو بھیجی جانے والے درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اوچ شریف شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں تقریباً 151 ایسے نجی تعلیمی ادارے اور کمرشل مارکیٹس قائم ہیں جنہوں نے متعلقہ اداروں سے اپنی تعمیرات کے نقشے منظور نہیں کرائے اور نہ ہی کمرشلائزیشن فیسیں جمع کرائی ہیں جن کی مالیت اربوں روپے بنتی ہے۔ درخواست میں اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان غیر قانونی کمرشل تعمیرات کی نقشہ منظوری اور کمرشلائزیشن فیسوں کی وصولی کے لیے فی الفور مہم چلائی جائے۔ اعلیٰ حکومتی حکام نے غیر قانونی کمرشل تعمیرات کے انکشاف پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ جب کہ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی طرف سے بھی میونسپل کمیٹی اوچ شریف سے اس ضمن میں کارروائی کی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ/ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اوچ شریف فیصل احمد نے حکومتی ہدایات پر شہر میں تمام کمرشل تعمیرات کا سروے کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں مربوط کارروائی کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ کمرشل تعمیرات کی مد میں کمرشلائزیشن فیس دبانے والوں میں ستر سے زائد نجی تعلیمی ادارے بھی شامل ہیں جن کی سالانہ آمدنی کروڑوں میں بنتی ہے۔

مزید پڑھیں