جماعت اہل سنت اوچشریف کے زیر اہتمام ماہانہ درس قرآن اجلاس شعبہ دعوت و تبلیغ کا قیام
اجلاس کی صدارت جماعت اہل سنت کے صدر الحاج غلام یاسین سومرو نے کی جس میں ڈاکٹر مفتی تنویر مدنی ک شعبہ دعوت و تبلیغ کا امیر مقرر کیا گیا
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) جماعت اہلِ سنت اوچ شریف کے زیرِ اہتمام ماہانہ اجلاس برائے درسِ قرآن گزشتہ روز منعقد ہوا، جس میں دینِ اسلام کی ترویج، اشاعتِ قرآن، اصلاحِ معاشرہ اور دعوت و تبلیغ کے منظم فروغ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کی صدارت جماعت اہلِ سنت اوچ شریف کے صدر الحاج غلام یاسین سومرو نے کی، جبکہ چیف آرگنائزر علامہ طہ یاسین سومرو بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کی سرپرستی اور اختتامی دعا علامہ عبدالستار سعیدی نے فرمائی۔
اجلاس میں باقاعدہ طور پر شعبۂ دعوت و تبلیغ کے قیام کا اعلان کیا گیا، جس کا مقصد عوام الناس کو دینِ اسلام سے قریب کرنا، معاشرتی اصلاح اور دعوتِ دین کے مشن کو منظم انداز میں آگے بڑھانا ہے۔ اجلاس کے دوران شیخ الحدیث ڈاکٹر مفتی تنویر مدنی کو شعبۂ دعوت و تبلیغ کا امیر مقرر کیا گیا جبکہ علامہ نصیر احمد نقشبندی کو نائب امیر کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔شرکاء اجلاس نے جماعت اہلِ سنت کے پلیٹ فارم سے دینِ اسلام کے فروغ، استحکام اور دینی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا۔ ماہانہ و سالانہ درسِ قرآن کی تنظیم، مختلف علاقوں میں علمائے کرام کی ذمہ داریاں، دعوتی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور دینی بیداری کے لیے مؤثر اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے عملی، بدعملی اور دینی بے توجہی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ محرم الحرام، ربیع الاول اور رمضان المبارک کے خطابات و بیانات کے لیے موضوعاتی پروگرام ترتیب دینے اور خطباء و مقررین کو منظم دینی لائحۂ عمل کے تحت لانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔اجلاس میں واٹس ایپ گروپس کو فعال بنانے، تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور ماہانہ نشستوں کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے مفید تجاویز دی گئیں۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ دینِ اسلام کی خدمت کے لیے ہر فرد کو عملی طور پر وقت دینا ہوگا اور افرادی قوت کو منظم انداز میں استعمال کرنا ہوگا۔
اجلاس میں اوچ شریف میں دارالافتاء اہلِ سنت اور مرکزی دینی پلیٹ فارم کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ اس سلسلے میں شیخ الحدیث ڈاکٹر مفتی تنویر مدنی کی بطور مفتی تقرری کی تجویز زیرِ غور آئی، جس کا باضابطہ اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اجلاس میں علامہ عبدالغفور چشتی، علامہ وقاص احمد خان، علامہ محمد احمد سعیدی، محمد عرفان سعیدی، قاری ادریس سعیدی، علامہ محمد اسامہ سعیدی، میاں آصف چشتی، پروفیسر سہیل وارن اور حافظ غلام شبیر سعیدی سمیت دیگر علمائے کرام اور اہلِ علم نے شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جماعت اہلِ سنت اوچ شریف کے تمام شعبہ جات کو مزید فعال، منظم اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ دینِ اسلام کی خدمت کا یہ مشن مزید مضبوط بنیادوں پر جاری رکھا جا سکے۔

