محسن نقوی سے خان پور سے اغواء اور بحفاظت بازیاب ہونے والے کمسن بچوں اور والدین کی ملاقات
لاہور20اپریل: …… نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں خان پور سے اغواء اور بحفاظت بازیاب ہونے والے کمسن بچوں اور والدین نے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے والد ڈاکٹر حسن محمود اور والدہ ڈاکٹر ذونازش کو بچوں شایان اور سبحان کی بحفاظت بازیابی پر مبارکباد دی۔ انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ محسن نقوی نے بچوں شایان اور سبحان کو پیار کیا اور شفقت کا اظہار کیا۔ والدین نے بچوں کی جلد بازیابی کے لئے محسن نقوی، آئی جی پولیس اور تفتیشی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رحیم یار خان کی تحصیل خان پور کے علاقے ماڈل ٹاؤن سے اغواء کے بعد 24 گھنٹے میں بچے بحفاظت بازیاب کرانے پر ڈی پی او رحیم یار خان اور تفتیشی ٹیم کے پروفیشنل ازم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل کی نگرانی میں بچوں کو جلد بازیاب کرانے والی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پولیس ٹیم کی محنت سے کیس کو جلد ٹریس کیا گیا اور بچوں کی بحفاظت بازیابی پر اللہ تعالی کے حضور سربسجود ہیں۔