اوچ شریف میں ماڈل ریڑھی بازار کے قیام کا منصوبہ چھوٹے دکان داروں کو بہتر روزگار فراہم کرے گا اسسٹنٹ کمشنر اقراء ناصر
ہماری کوشش ہے کہ تاریخی اور روحانی حیثیت کے حامل اس شہر کے عوام کو ایک صاف ستھرا، خوب صورت اور معیاری ماحول فراہم کیا جائے
شہر کے چوراہوں اور بازاروں کی تزئین و آرائش اور تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن پائیدار حل کی جانب ایک اہم قدم ہے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اقراء ناصر نے کہا ہے کہ اوچ شریف میں ماڈل ریڑھی بازار کے قیام کا منصوبہ نہ صرف شہر کی خوب صورتی میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ چھوٹے دکان داروں کو بہتر روزگار اور تجارتی سہولیات بھی فراہم کرے گا۔ وہ اوچ شریف میں الشمس چوک کے قریب قائم ہونے والے ماڈل ریڑھی بازار کا جائزہ لے رہی تھیں۔ اس موقع پر سینئر میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم اور صدر انجمن تاجران محمد عمر خورشید سہمن سمیت دیگر تاجر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر اقراء ناصر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تاریخی اور روحانی حیثیت کے حامل اس شہر کے عوام کو ایک صاف ستھرا، خوب صورت اور معیاری ماحول فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے چوراہوں اور بازاروں کی تزئین و آرائش اور تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن پائیدار حل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔اس موقع پر انہوں نے تاجر رہنماؤں اور چھوٹے دکان داروں کے وفود سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل و تجاویز کو سنا۔ سینئر میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم نے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کو ماڈل ریڑھی بازار کے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔

