صادق پبلک سکول کے ذیلی ادارے "صادق پروگریسو سکول” میں مینا بازار کا انعقاد
مینا بازار نہایت منظم، کامیاب اور قابلِ تحسین رہا۔, اساتذہ نے اسٹالز لگائے جبکہ دیگر عملے نے انتظامی امور میں معاونت کی۔ لوئر اسٹاف کے اہلِ خانہ کو بھی مدعو کیا گیا
بہاول پور : صادق پروگریسو اسکول میں 7 سال کے بعد مینا بازار کا انعقاد برسر کی نگرانی میں کیا گیا، جس کے تمام انتظامات اسکول نے اپنی سطح پر خود مکمل کیے۔ یہ مینا بازار نہایت منظم، کامیاب اور قابلِ تحسین رہا۔اس سرگرمی کا مقصد طلبہ کو ذہنی تازگی فراہم کرنا اور انہیں مثبت و صحت مند ہم نصابی سرگرمیوں میں شامل کرنا تھا، خصوصاً ہاسٹل میں مقیم طلبہ کے لیے جو اپنے گھروں سے دور رہتے ہیں۔ مینا بازار نے طلبہ کو روزمرہ معمولات سے ہٹ کر خوشگوار لمحات فراہم کیے جس سے انہوں نے بھرپور لطف اٹھایا۔اس اقدام کے ذریعے عملے میں باہمی تعاون اور ٹیم ورک کو بھی فروغ ملا۔ اساتذہ، لوئر اسٹاف، میس اسٹاف اور سیکیورٹی عملے نے بھرپور تعاون کیا۔ اساتذہ نے اسٹالز لگائے جبکہ دیگر عملے نے انتظامی امور میں معاونت کی۔ لوئر اسٹاف کے اہلِ خانہ کو بھی مدعو کیا گیا جس سے شمولیت اور بھائی چارے کا ماحول پیدا ہوا۔
یہ مینا بازار پروگریسیو اسکول کی سطح پر بطور پائلٹ منصوبہ منعقد کیا گیا۔ اس کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے جنوری میں موسم سرما کی تعطیلات کے بعد والدین اور سابق طلبہ کی شرکت کے ساتھ بڑے پیمانے پر مینا بازار منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔برسر نے اس کامیاب سرگرمی پر تمام شعبہ جات، ہاؤس ماسٹرز اور عملے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کے تعاون کو سراہا۔

