Contact Us

یوم پاکستان (23 مارچ 2024) کے موقع پر وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف کا پیغام

PM Shahbaz Sharif lauds the role of Chinese Present in Pakistan's development

 میں اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ’یوم پاکستان‘ پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 23 مارچ ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے۔ 1940 میں اسی دن برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں نے تاریخی ’’قرارداد لاہور‘‘ کے ذریعے ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا جہاں وہ اسلام کے اصولوں کے مطابق آزادی سے اپنی زندگی گزار سکیں۔ تحریک آزادی کے رہنماؤں کی انتھک اور مسلسل سیاسی جدوجہد سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب شرمندہء تعبیر ہوا اور  14 اگست 1947  کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ملک کے طور پر ابھرا۔

ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کے لیے مثالی قربانیاں دیں۔ لاکھوں مسلمانوں نے ہندوستان میں اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان ہجرت کرنے کا فیصلہ کیا۔ نئی ریاست کو بے پناہ چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا جن میں سماجی،  اقتصادی ڈھانچے اور ریاستی اداروں  کی تشکیل اور مہاجرین کی آباد کاری  شامل تھیں۔ علاوہ ازیں نئی ریاست کو انتہائی کم وسائل کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کرنا پڑا۔ تاہم، قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں نوزائیدہ ریاست کو درپیش ان گھمبیر چیلنجوں کے باوجود ایک آزاد جمہوری ریاست کی بنیاد رکھی گئی۔  

پاکستانی عوام نے 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں اپنے نمائندوں کو منتخب کیا جس کے نتیجے میں وفاقی اور صوبائی سطح پر حکومتیں وجود میں آ چکی ہیں۔ ہم  پاکستان کو درپیش سنگین چیلنجوں سے پوری طرح آگاہ ہیں جن میں مہنگائی، بے روزگاری، توانائی کے شعبے کا بڑھتا ہوا گردشی قرضہ ، مالیاتی اور تجارتی خسارہ اور سب سے بڑھ کر دہشت گردی کا عفریت شامل ہیں۔ تاہم بحیثیت قوم ہم نے غیر معمولی حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہے اور وقت کی کسوٹی پر پورا اترنا ہے۔

میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ایک مربوط پالیسی اصلاحات کے فریم ورک کے ساتھ پاکستان کو معاشی بحالی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ مجھے امید ہے کہ ان اقدامات سے معاشی استحکام آئے گا اور ہم  مہنگائی کی موجودہ لہر پر قابو پا لیں گے۔

آئیے آج کے دن پاکستان کو امن، ترقی اور استحکام کا گہوارہ بنانے کے اپنے پختہ عزم کی تجدید کریں۔ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ہمارے آج کے فیصلے اور کارکردگی ہمارے اور ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کا تعین کریں گے۔

آئیں ہم سب مل کر ایک ایسے پاکستان کے لیے  جدو جہد کریں جو ہر قسم کے مذہبی ، نسلی اور سیاسی  تفریق سے پاک ہو اور جہاں ہماری مشترکہ اقدار پھل پھول سکیں۔

 پاکستان پائندہ باد

مزید پڑھیں