چنی گوٹھ (نامہ نگار)سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق نے کہا ہے کہ پاک فوج ہماری آخری دفاعی لائن ہے ، قوم اپنی افواج سے پیار کرتی ہے پاک فوج کے خلاف بکواس کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ان کی قیادت میں انجمن تاجران کی جانب سے پاک فوج کے حق میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، مہر محمد صدیق نے کہا کہ عادل راجہ کا ایجنڈا ملک دشمنی اور غداری کے مترادف ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم عادل راجہ کے بیانات کی مذمت کرتے ہیں ، حساس اداروں کے خلاف بیانات سے عادل راجہ ملک دشمن ایجنڈے کی تکمیل کی ناکام کوشش کر رہا ہے اس میں جرات ہے تو وہ پاکستان واپس آئے اور پھر دیکھے کہ قوم اپنی بہادر فوج کے خلاف بکواس کرنے والے شخص کا کیا حشر کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ عادل راجہ بھگوڑا ہے اس بھگوڑے واپس پاکستان لا کر قرار واقعی سزا دی جائے ، قبل ازیں ختم نبوت چوک میں ریلی کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور ان پر عادل راجہ کے خلاف نعرے درج تھے ، مظاہرین نے عادل راجہ کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی اور عادل راجہ کی تصویر پر جوتے برسائے گئے ۔ اس موقع پر شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔