کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 ء کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس
بہاولپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 377 ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے جن پر 147 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ اب تک ان منصوبوں پر 37 ارب روپے سے زائد کے اخراجات کیے جا چکے ہیں بریفنگ
بہاول پور: کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 ء کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا اور دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، جبکہ ڈویژن بھر کے مختلف محکموں کے افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بہاولپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 377 ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے جن پر 147 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ اب تک ان منصوبوں پر 37 ارب روپے سے زائد کے اخراجات کیے جا چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع بہاولپور میں 176 ترقیاتی اسکیمیں زیر تکمیل ہیں، ضلع رحیم یار خان میں 140 منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ ضلع بہاولنگر میں 61 اسکیموں پر تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ، واٹر سپلائی و سینیٹیشن، وائلڈ لائف اور ویمن ڈویلپمنٹ سمیت دیگر اہم شعبوں کے منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔بریفنگ کے دوران نشاندہی کی گئی کہ نئے منصوبوں میں فنڈز کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے، تاہم بعض اسکیموں میں سست روی پائی گئی جس پر کمشنر بہاولپور ڈویژن نے تشویش کا اظہار کیا۔
کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کریں اور فنڈز کے بروقت اور شفاف استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جاری اور نئے منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے، درپیش رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے اور ترقیاتی اہداف بروقت حاصل کیے جائیں۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے اور عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے

