وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب دانش سکولز اینڈ سینٹرز آف ایکسیلینسی اتھارٹی کا اجلاس

Meeting of Punjab Danish Schools

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب دانش سکولز اینڈ سینٹرز آف ایکسیلینسی اتھارٹی کا اجلاس،4دانش سکولسولر توانائی پر منتقل

طلبہ کے مفت یونیفارم کے لئے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی منظوری، دی، دانش سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہوں میں حکومت پنجاب کے فیصلے کے مطابق اضافے کی اصولی منظوری

دانش سکولوں کے لئے انتظامی عہدوں پر بھرتیوں اور انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کی اجازت، اکیڈمک اورسپورٹس میں ٹاپ کرنے والے طلبہ کو انعامات دیئے جائیں گے۔عثمان بزدار

لاہور15 دسمبر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب دانش سکولز اینڈ سینٹرز آف ایکسیلینسی اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اتھارٹی کی کارکردگی اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے 4دانش سکولوں کو مکمل طورپر سولر توانائی پر منتقل کردیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے طلبہ کے مفت یونیفارم کے لئے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دی۔ وزیر اعلی نے دانش سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہوں میں حکومت پنجاب کے فیصلے کے مطابق اضافے کی اصولی منظوری دی۔ اجلاس میں دانش سکولوں کے لئے انتظامی عہدوں پر بھرتیوں کی اجازت دی گئی۔ دانش سکولز اتھارٹی کو انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کی اجازت بھی دی گئی۔وزیر اعلی نے کہا کہ دانش سکولوں کے طلبہ کو سیاحتی مقامات کی سیر کرائی جائے گی۔ دانش سکولوں میں اکیڈمک اورسپورٹس میں ٹاپ کرنے والے طلبہ کو انعامات دیئے جائیں گے، ہوسٹل میں رہائش پذیر طلبہ کی والدین سے ملاقات کے لئے خصوصی کمروں اور کینٹین کا قیام عمل میں لایاجائیگا، وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے دانش سکولز کے زیر تکمیل پراجیکٹ کے لئے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی اور کوٹ قیصرانی، تونسہ، بھکر اور منکیرہ کے دانش سکولوں جلد ازجلد مکمل کرنے کاحکم دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ دانش سکولو ں میں زیر تعلیم طلبہ کے بہن بھائیوں کو بھی ایڈمشن کی اجازت دے رہے ہیں۔ چکوال او رپیرمحل کے سینٹرز آف ایکسیلینسی کے پراجیکٹ بھی جلد مکمل کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں ایشیا کا سب سے بڑا بورڈنگ ادارہ پاکستان کے لئے اعزاز ہے۔ تاندلیانوالہ میں نئے دانش سکول کا آغاز چند ہفتوں میں کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکولز اتھارٹی کی کارکردگی دوسروں کے لئے مشعل راہ ہے۔ دانش سکولز اتھارٹی نے وائس چیئرپرسن سمیرا احمد کی سربراہی میں اعلیٰ کارکردگی کامظاہرہ کیا۔ صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن مراد راس نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی نادار بچوں کی تعلیم کیلئے سپورٹ قابل تحسین ہے۔ وائس چیئرپرسن سمیرا احمد نے کہا کہ پنجاب کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے کوشاں ہیں۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دانش سکولوں میں روزانہ حکومت پنجاب کی طرف سے 30 ہزار بچوں کو کھانا فراہم کیاجاتاہے۔ ڈے سکالرز کو بھی دانش سکول میں ایڈمشن دیا جارہاہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ دانش سکولوں میں شجرکاری مہم کے دوران مستقل نگہداشت کے نظام کے تحت 96ہزار پودے لگائے گئے۔ میانوالی میں دانش سکولز کے 40ہزار بچوں نے سالانہ سپورٹس میں حصہ لیا۔ وائس چیئرپرسن سمیرا احمدبخاری،رکن صوبائی اسمبلی نیلم حیات ملک،سکول ایجوکیشن، فنانس، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اعلیٰ حکام،سابق ایم پی اے میجر(ر) عبدالرحمان رانا، ایم ڈی دانش سکول اتھارٹی اوردیگر نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مرادراس نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید پڑھیں