Advertisements

ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت دانش سکول حاصل پور کی گورننگ باڈی کا اجلاس

Meeting of Governing Body of Danish School Hasilpuri
Advertisements

بہاول پور: 23/دسمبر دانش سکول حاصل پور کی گورننگ باڈی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس بہاول پور کے کمیٹی روم میں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں پروفیسر میمونہ غنی، ممبر سنڈیکیٹ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور سمیرا ملک، وقار یعقوب، پرنسپل دانش سکول گرلز حاصل پور مسز شہلا فرحان، پرنسپل دانش سکول بوائز محمد اکرم نے شرکت کی۔ اجلاس میں دانش سکول حاصل پور میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے تمام ترقیاتی سکیمیں اعلیٰ معیار کے ساتھ بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دانش سکول کے طلباء و طالبات کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے بارے بھی آگاہی حاصل کی اور شاندار کارکردگی پر مبارک باد پیش کی۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے کہا کہ دانش سکول حاصل پور میں تمام تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے تحصیل میونسپل کمیٹی حاصل پور کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دانش سکول حاصل پور کا کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے سکول کے احاطہ میں بڑی تعداد میں شجرکاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پرنسپل ادارہ نے سکول کا سالانہ بجٹ اور اخراجات بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے سکول طلبہ کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ ماہ دانش سکولز کے سالانہ سپورٹس گالا میں طلباء و طالبات نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے دانش سکول میں نئے داخلہ جات بارے بتایا کہ داخلہ ٹیسٹ26دسمبر 2021ء میں منعقد کیے جائیں گے۔