ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس

بہاول پور: 28/ستمبر ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں ضلعی امن کمیٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جشن عید میلاد النبیؐ کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹر سمیرا ربانی، اراکین ضلعی امن کمیٹی، متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے جبکہ ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جشن عیدمیلادالنبی ؐ کے موقع پر جلوس روٹس کی مرمت، دیکھ بھال، صفائی ستھرائی کے کام اور دیگر انتظامات شاندار انداز میں مکمل کیے جائیں۔ نیز تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کی جائے گی اور شاندار چراغاں کرنے پر تعریفی سرٹیفیکیٹس دیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں ہفتہ شانِ رحمت اللعالمینؐ کے سلسلے میں پروقار تقاریب منعقد کی جائیں گی جس میں طلبا و طالبات کے مابین قرات، نعت خوانی، سیرت النبیؐ کے موضوع پر تقاریر اور مضمون نویسی کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آنحضور ؐ کی حیاتِ طیبہ ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ دین و دنیا میں کامیابی کے لیے آپ ؐ کی سیرتِ مبارکہ پر عمل کیا جائے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادث نثار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عیدمیلاد النبیؐ کے سلسلے میں جلوس روٹس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں باقاعدہ ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ آمد ورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔اجلاس میں علامہ محمد عبدالرزاق شائق، علامہ ریاض احمد اویسی، فقیر حبیب الرحمن، مفتی کاشف سعیدی، ریاض حسین شاہ، منیر احمد سعیدی، مخدوم سبطین بخاری، جاوید مصطفی سعیدی، قاری عبدالرشید، جان محمد چوہدری، سید وسیم عباس بخاری اور افتخار احمد علوی و دیگر اراکین نے ربیع الاول کے مبارک مہینہ میں جشن عید میلاد النبیؐ جلوس اور محافل میلاد النبیؐ کے انعقاد کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آنحضورؐ وجہ تخلیقِ کائنات ہیں اور آپؐ کو دنیا میں رحمت اللعالمین بنا کر مبعوث فرمایا گیا۔ اراکین ضلعی امن کمیٹی وبین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی نے ربیع الاول کے جلوس روٹس میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر ممبر ضلعی امن کمیٹی سید صلاح الدین جیلانی مرحوم کی روح کو ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس اور پسماندگان کو یہ عظیم سانحہ ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ بعدازاں ملک کی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔