بہاول پور:10/ اپریل : ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر سمیرا ربانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لیے 3 اپریل 2023ء سے 9 اپریل تک کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فائزہ کنول، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پریوینٹو سروسز ڈاکٹر خالد ارائیں، ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد چنڑ، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عابد حسن رضوی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ، اینٹامالوجسٹ اور مختلف محکموں کے فوکل پرسنز موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر نے کہا کہ ڈینگی مچھر سے محفوظ رہنے کے لیے حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور اس سلسلہ میں لوگوں کا شعور اجاگر کیا جائے کہ پانی ایک جگہ ٹھہرنے نہ پائے۔ انہوں نے کہا کہ عمارتوں کی چھتوں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فالتو اور ناکارہ سامان کی تلفی یقینی بنائی جائے تاکہ ڈینگی سے محفوظ رہا جاسکے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر نے کہا کہ ضلع بھر میں ہاٹ سپاٹس کی کوریج سوفیصد یقینی بنائی جائے۔ انھوں نے ہدایت کی کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس ٹیمیں فیلڈ میں فعال انداز میں کام کریں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر نے کہا کہ اینٹامالوجسٹ ڈینگی سرویلنس ٹیموں کی موثر انداز میں مانیٹرنگ کریں تاکہ ڈینگی مچھر کا لاروا پرورش نہ پائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ فوکل پرسن اینڈرائیڈ یوزر سرگرمیوں میں مزید اضافہ کریں۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد چنڑ نے انسداد ڈینگی کے حوالہ سے کیے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جنوری2023ء سے 9 اپریل کے دوران ڈینگی کے 1799 مشکوک کیسز رپورٹ ہوئے جن میں ایک ڈینگی کا کنفرم مریض تھا جو کہ دوسرے شہر سے سفر کرکے آیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 108 آؤٹ ڈور اور412 ان ڈور ٹیمیں فعال ہیں اور ضلع میں موجود1724 ہاٹ سپاٹس کی سوفیصد کوریج کی گئی ہے۔