ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر سمیرا ربانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کااجلاس
بہاول پور:10/ ستمبرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر سمیرا ربانی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کااجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلع بھر ڈینگی سے بچاؤ کے حوالہ سے 29 /اگست 2022ء سے 8/ ستمبر تک کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر نے ہدایت کی کہ ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لیے لوگوں کا شعور اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پانی ایک جگہ ٹھہرنے نہ پائے تاکہ ڈینگی مچھر کا لارواپرورش نہ پا سکے۔ اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد چنڑ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ، اینٹامالوجسٹ شہناز اختر،اے ایم ایس بہاول وکٹوریہ ہسپتال ڈاکٹر اعجاز رسول اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور فوکل پرسنز موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر نے کہا کہ ڈینگی سے تحفظ کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ اس سلسلہ میں متعلقہ افسران و سٹاف اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی ویجی لینس رپورٹ سسٹم کے تحت موصول ہونے والی شکایات کو بروقت حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اینڈ رائیڈ یوزر سرگرمیاں درست انداز میں انجام دی جائیں اور اس اہم ذمہ داری کی ادائیگی میں کسی قسم کی سستی اور غفلت نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لیے قائم ان ڈور اور آؤٹ ڈورویکٹر سرویلنس ٹیمیں فیلڈ میں متحرک انداز میں کام کریں۔ اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد چنڑ نے بتایا کہ ضلع بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ضلع میں موجود تمام ہاٹ سپاٹس کوریج کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران ضلع میں موجود412 ان ڈور ٹیمیں اور108آؤٹ ڈور ٹیمیں فیلڈ میں فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا شعور اجاگر کیا جارہا ہے کہ پانی ایک جگہ نہ ٹھہرنے دیا جائے اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ ڈینگی لاروا پرورش نہ پائے۔انہوں نے کہا کہ انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس ٹیموں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔