سابق وفاقی وزیر انجینئر بلیغ الرحمن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس
بہاول پور:10/مئی ( )سابق وفاقی وزیر انجینئر بلیغ الرحمن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں سابق صوبائی وزیر ملک محمداقبال چنڑ، اراکین صوبائی اسمبلی میاں شعیب اویسی، افضل گل، سابق ایم پی اے قاضی عدنان فرید، ٹکٹ ہولڈر پی پی246 و رہنما مسلم لیگ (ن) ڈاکٹر رانا محمد طارق، میاں شاہد اقبال، علی عباس پیرزادہ، محمد جمیل، نوید خالد وارن، کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال، ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا، ایس پی محمد ارسلان، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنر، تعمیراتی محکموں اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ سابق وفاقی وزیر انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا کہ ترقیاتی سکیمیں صاف شفاف انداز میں اعلیٰ معیار کے ساتھ بروقت مکمل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سکیمیں جو سست روی کا شکار ہیں انہیں جلد مکمل کیا جائے اور حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفراقبال نے کہا کہ تعمیراتی محکموں کے افسران موقع پر جا کر ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیں اور تمام ترقیاتی سکیمیں مقررہ میعاد میں مکمل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی تکمیل میں سستی اور غفلت نہ برتی جائے۔ تمام امور شفاف انداز میں انجام دیے جائیں۔اجلاس میں سابق صوبائی وزیر ملک محمداقبال چنڑ، اراکین صوبائی اسمبلی میاں شعیب اویسی، افضل گل، سابق ایم پی اے قاضی عدنان فریدنے ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ضلع بھر میں ترقیاتی سکیموں اور ضلع میں جاری میگا پراجیکٹس بارے آگاہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملک محبوب الہٰی کھر نے بتایا کہ ضلع بھر میں سالانہ ترقیاتی پروگرام(ADP 2021-2022)کے تحت321 ترقیاتی سکیموں پر کام شروع کیا گیا۔ ان سکیموں کے لیے 9709 ملین روپے جاری کیے گئے جن میں سے اب تک 7141 ملین روپے کے فنڈز ترقیاتی سکیموں پر استعمال کیے جا چکے ہیں۔ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول پروگرام(SAP)کے تحت 601 ترقیاتی سکیموں پر کام شروع کیا گیا اور 2115 ملین روپے کے فنڈز جاری کیے گئے جن میں سے اب تک1998 ملین روپے استعمال کیے جا چکے ہیں۔ اسی طرح کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت125 ترقیاتی سکیموں پر ضلع بھر میں کام شروع کیا گیا ہے۔ ان سکیموں کے لیے613 ملین روپے جاری کیے گئے جن میں سے اب تک 597 ملین روپے کے فنڈز استعمال کیے جا چکے ہیں۔ بعدازاں ضلع بھر میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ایس پی محمد ارسلان نے ضلع میں امن و امان کی صورت بارے آگاہ کیا۔