Advertisements

ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کا 17ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس

Meeting of Deputy Commissioner Irfan Ali Kathia to review arrangements for 17th Cholistan Desert Rally
Advertisements

بہاول پور17/جنوری: ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ 9فروری سے شروع ہونے والی 17ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی 2022ء کے تمام انتظامات شاندار انداز میں مکمل کئے جائیں۔ اس سلسلہ میں متعلقہ افسران و سٹاف اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ وہ آج اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں 17ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور محمد فیصل کامران، منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر فاروق قمر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامرنذیر کھچی، اسسٹنٹ کمشنربہاول پور سٹی، اسسٹنٹ کمشنر یزمان،اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ، ممبران ایوان صنعت و تجارت اعجاز ناظم، احمد جبار، منیب ملک، سیکرٹری چیمبر آف کامرس عبیر حیدر اور امتیاز لاشاری سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنربہاول پور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی سے خطہ کی ثقافت اور سیاحت کو فروغ حاصل ہو گا اور علاقہ کے لوگوں کو شاندار ڈیزرٹ ریلی دیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے تمام انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر کنٹرول روم قائم کر کے سٹاف مامور کیا جائے اور ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر تمام اداروں کے مابین بہترین باہمی رابطہ سے تمام امور بہتر طریقہ سے سرانجام دیئے جائیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فیصل کامران نے اجلاس کو 17ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر سیکورٹی اور ٹریفک انتظامات بارے آگاہ کیا۔ ریجنل انچارج ٹی ڈی سی پی مصباح اسحاق نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 17ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر چیمبر آف کامرس، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور آرٹس کونسل کی جانب سے چولستانی دستکاری کے خوبصورت اسٹالز کے ساتھ ساتھ علاقائی کھانوں کے فوڈ سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 9فروری سے چولستان ڈیزرٹ میں حصہ لینے والی گاڑیوں کی رجسٹریشن اورتکنیکی معائنہ کیا جائے گا۔ بعد ازاں دیگر ایام میں کوالیفائنگ راؤنڈ ہو گا۔ 17ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی میں سٹاک کیٹگری، پری پیئرڈ کیٹگری سمیت خواتین کے درمیان سٹاک کیٹگری ریس، خواتین کے مابین پری پیئرڈ کیٹگری گاڑیوں کی ریس بھی منعقد کی جائے گی۔ اسی طرح ڈرٹ بائیک اور پیراگلائیڈنگ شو بھی منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 17ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر ٹینٹ پیگنگ(Tent Pegging)، کبڈی، والی بال، اونٹ اور گھوڑا ڈانس کا مظاہرہ بھی ہو گا۔ اس موقع پر سی ڈی اے، ٹی ڈی سی پی اور بہاول جم خانہ کی جانب سے کلچرل شو بھی منعقد کئے جائیں گے۔

Meeting of Deputy Commissioner Irfan Ali Kathia to review arrangements for 17th Cholistan Desert Rally 2