اوچ شریف (کرائم رپورٹر) یوم آزادی کے حوالے سے میونسپل کمیٹی اوچ شریف میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد، طلباء و طالبات، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف محکمہ جات کے سرکاری اہلکاروں کی شرکت، شرکاء نے عزم استحکام پاکستان ریلی بھی نکالی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی آزادی کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میونسپل کمیٹی اوچ شریف میں منعقد ہوئی، سینئر سب انجینئر عمران حسین گشکوری نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات ڈاکٹر ضیاء الحق شہزاد، نعیم احمد ناز، اظہر اقبال مغل، حافظ جمیل احمد خان لنگاہ، سردار اجمل خان، مرید حسین خان جانگلہ، رانا حیدر سلطان، چوہدری فیاض احمد، سید ثناء حیدر بخاری، اور طلبہ کی کثیر تعداد کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ تقریب میں سرکاری ملازمین، سکولوں کے طلباء و طالبات، انجمن تاجران، یونین کونسل اوچ گیلانی، سول سوسائٹی، اوچ پریس کلب اور نوائے اوچ میڈیا گروپ (رجسٹرڈ) کی سرکردہ شخصیات اور عام شہریوں نے شرکت کی۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران حسین گشکوری نے کہا کہ آزادی دنیا کی سب بڑی نعمت ہے، پاکستان بنانے میں لاکھوں لوگوں نے اپنے جان و مال اور عزتوں کی قربانی دی ہے، ہمیں اس ملک کی قدر کرنی چاہیئے۔ سابق کونسلر حافظ جمیل احمد خان لنگاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہمارے لیے اللہ کا انعام ہے، عوام ڈیجیٹل دہشت گردی کے ذریعے نئج نسل کو ورغلانے والے عناصر کے خلاف متحد ہو جائے، انہوں نے کہا کہ اپنی آزادی کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ قوم پاک فوج کے عزم استحکام آپریشن کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر میونسپلٹی آفس سے الشمس چوک تک افواج پاکستان سے اظہار یک جہتی اور عزم استحکام آپریشن کی حمایت میں ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے