٩ مئی کا دن ایک سیاہ باب کی طرح یاد رکھا جائے گا: پاک فوج
راولپنڈی: سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک میں ہونے والے احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات پر پاک فوج کی جانب سے ردعمل سامنے آ گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ 9 مئی کا دن ایک سیاہ باب کی طرح یاد رکھا جائے گا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نیب کے اعلامیہ کے مطابق کل اسلام آباد ہائیکورٹ سے قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا، گرفتاری کے فوراً بعد ایک منظم طریقے سے پاک فوج کی املاک اور تنصیبات پر حملے کرائے گئے اور فوج کیخلاف نعرے بازی کروائی گئی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ کسی کو بھی عوام کو اکسانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، شر پسند عناصر عوامی جذبات کو اپنے خود غرض مقاصد کی تکمیل کیلئے استعمال کرتے ہیں، فوج بشمول تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے، فوجی و ریاستی تنصیبات اور املاک پر کسی بھی حملے کی صورت میں شدید ردعمل دیا جائے گا جسکی ذمہ داری اسی ٹولے پر ہو گی جو پاکستان کو خانہ جنگی میں دھکیلنا چاہتا ہے۔
پاک فوج کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جو کام ابدی دشمن 75 سال میں نہ کر سکے وہ اقتدار کی حوس میں مبتلا گروہ نے کر دکھایا ہے، فوج نے انتہائی تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا اور اپنی ساکھ کی پرواہ کیے بغیر ملک کے وسیع تر مفاد میں صبر سے کام لیا، مذموم منصوبہ بندی کے تحت گھناؤنی کوشش کی گئی کہ آرمی اپنا فوری رد عمل دے، فوج کے میچور رسپانس نے سازش کو ناکام بنا دیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمیں علم ہے اس کے پیچھے پارٹی کی شرپسند لیڈرشپ کی ہدایات اور مکمل منصوبہ بندی ہے، جو سہولت کار، منصوبہ سازی اور کارروائیوں میں ملوث ہیں ان کی شناخت کر لی گئی ہے، تمام شر پسند عناصر اب نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، کسی کو بھی عوام کو اکسانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔