Advertisements

٩ مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور حملہ آوروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا : وزیراعظم محمد شہباز شریف

Shehbaz sharif
Advertisements

اسلام آباد۔21مئی  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9مئی 2023 کو ملکی تاریخ کے ایک سیاہ دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، شر پسند عناصر نے وہ کام کر دکھایا جو پچھلے 75 برسوں میں دشمن نہ کر سکا، جس طرح دہشت گردوں نے زیارت میں قائداعظم ریذیڈینسی کو جلایا اسی طرح جناح ہائوس لاہور کی حرمت کوپامال کیا گیا، اس ملک کی بدقسمتی دیکھیں کہ پی ٹی آ ئی کے ورکرز  نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا اور ریڈیو پاکستان پشاور کو راکھ کر دیا، 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور حملہ آوروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، جلد بازی میں قانونی تقاضے نظر انداز نہیں ہونے چاہیئں، حملہ آوروں کی  نشان دہی کے عمل میں اس  بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی صورت کوئی بے گناہ نہ پکڑا جائے، نادرا اور سیکورٹی ایجنسیز کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ شر پسند عناصر کے خلاف جلد از جلد گھیرا تنگ کیا جا سکے۔ وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق  ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے  لاہور میں امن و امان کے حوالے  سے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ9 مئی 2023 کو ملکی تاریخ کے ایک سیاہ دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شر پسند عناصر نے وہ کام کر دکھایا جو پچھلے 75 برسوں میں دشمن نہ کر سکا۔ان کا کہنا تھا کہ جس طرح دہشت گردوں نے زیارت میں قائد اعظم ریذیڈینسی کو جلایا اسی  طرح جناح ہائوس لاہور کی حرمت کوپامال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہئے کہ تحریک طالبان نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا تھا اور اس ملک کی بدقسمتی دیکھیں کہ پی ٹی آ ئی کے ورکرز  نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا اور ریڈیو پاکستان پشاور کو راکھ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بے شمار اندوہناک واقعات ہوئے جو ہمیشہ کیلئے پوری قوم کو ذہنی کوفت میں مبتلا رکھیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کوئی مذاق نہیں کہ ایئر فورس کی تنصیبات پر حملہ اور اربوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچایا جائے اور عمران نیازی کے جتھے میانوالی  پہنچ کر ان ہوائی جہازوں کو جو دشمن کے خلاف استعمال کرنے کیلئے قوم کے خون پسینے کی کمائی سے خریدے گئے ان کو جلانے کی ایک مذموم کوشش کریں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ9  مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور حملہ آوروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلد بازی میں قانونی تقاضے نظر انداز نہیں ہونے چاہیئں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ حملہ آوروں کی  نشاندہی کے عمل میں اس  بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی صورت کوئی بے گناہ نہ پکڑ لیا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ  نادرا اور سیکورٹی ایجنسیز کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ شر پسند عناصر کے خلاف جلد از جلد گھیرا تنگ کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج ہر محب وطن پاکستانی رنجیدہ ہے ، اپنوں نے دشمن بن کرسول اور فوجی تنصیبات پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس ، آئی بی ، نادرا، سی ٹی ڈی ، وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات  اور سیف سٹی کا کردار قابل تعریف رہا ہے۔ وزیراعظم  نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ شر پسند عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور مثل مقدمہ میں کوئی سقم چھوڑے بغیر کاروائی مقدمہ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ مقدمہ جات میں پیش رفت کو گھنٹوں کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے- اجلاس کے شرکا میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریا ت مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر ریلویزخواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، مشیروزیراعظم احد چیمہ، نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی، معاونین خصوصی  عطا تارڑ،  ملک محمد احمد خان، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پولیس پنجاب اور دیگر متعلقہ سرکاری افسران شامل تھے۔