مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے سے انکار کردیا
ڈیرہ اسماعیل خان: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کو عمران خان کے ساتھ مذاکرات کیلئے منانے میں ناکام ہو گئے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو آصف علی زرداری کا پیغام بھی پہنچایا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران پی ڈی ایم سربراہ نے عمران خان کے ساتھ مذاکرات کی حمایت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں مذاکرات میں شامل نہیں ہوں گا، جو جماعتیں عمران خان کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتی ہیں جا کر کریں، وہ قابل اعتماد آدمی نہیں ہیں، میری جماعت پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کا حصہ نہیں بنے گی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کے دروازے بند ہونا خوش آئند نہیں، پیپلز پارٹی نے 3 رکنی کمیٹی تمام اتحادی جماعتوں کے پاس بھیجی، تمام جماعتوں نے مذاکرات کو ہی بحران کا واحد حل قرار دیا ہے، اتحادی مذاکرات کے حامی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ مذاکرات کے معاملے پر تمام اتحادی جماعتیں ایک ہی پیج پر ہوں۔
فضل الرحمان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات ہوتے ہیں لیکن یہ بھی تو دیکھنا چاہیے کہ جن سے مذاکرات ہوں وہ خود کتنے سنجیدہ ہیں؟، ماضی میں پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کا کیا نتیجہ نکلا ہے؟، ہم تو عمران خان کو پاکستان کی سیاست کا غیر ضروری عنصر سمجھتے ہیں، میں مفتی محمود ہوں نہ ہی آپ ذوالفقار علی بھٹو ہیں، پی ڈی ایم سربراہ نے پارٹی سے مشورہ کرنے کا عندیہ دیا۔
مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد واپس پر بلاول بھٹو کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے جے یو آئی کے سربراہ سے ہونے والی ملاقات کی تفصیل سے آگاہ کیا۔