چنی گوٹھ اور گردونواح میں موجود قیمتی درختوں کا بڑے پیمانے پر صفایا
درختوں کی بے دریغ کٹائی سے ماحولیاتی توازن متاثر ہو رہا ہے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ
چنی گوٹھ (نامہ نگار) چنی گوٹھ اور گردونواح میں مبینہ طور پر ٹمبر مافیا نے عباسیہ کینال، پنجند کینال، کرم واہ کے کناروں اور قریبی جنگلات میں موجود قیمتی درختوں کا بڑے پیمانے پر صفایا کر دیا ہے، جس پر عوامی و سماجی حلقوں نے شدید تشویش اور احتجاج کا اظہار کیا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق درختوں کی بے دریغ کٹائی سے نہ صرف ماحولیاتی توازن متاثر ہو رہا ہے بلکہ علاقے میں درجہ حرارت بھی مسلسل بڑھ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرسبز درخت ختم ہونے سے ماحول آلودہ ہو رہا ہے، جنگلی حیات متاثر ہو رہی ہے اور نہروں کے کنارے بھی غیر محفوظ ہوتے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اس غیر قانونی کٹائی میں محکمہ جنگلات کے بعض اہلکار بھی مبینہ طور پر ملوث ہیں۔ تاہم محکمہ جنگلات کے حکام نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ محکمہ جنگلات جنگلات اور سرکاری درختوں کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے، جبکہ اگر کسی اہلکار کے خلاف ٹھوس شواہد سامنے آئے تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، سیکریٹری جنگلات اور چیف کنزرویٹر فاریسٹ، سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور نہروں و جنگلات میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی فوری طور پر روکی جائے تاکہ ماحول اور قدرتی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

