فارن فنڈنگ کیس فیصلہ نہ آنے پرمریم نواز کا الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا دینے کااعلان
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں آتا پھر تمام جماعتیں الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا دیں گی۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ یکطرفہ اور ناانصافی پر مبنی فیصلے کی وجہ سے فل کورٹ نہیں بنا، لاڈلے کو نوازانہ تھا اس لیے فل کورٹ نہیں بنا، انصاف کا قتل ہوا ہے، اگرنیت میں کوئی خرابی نہ ہوتی تو فل کورٹ بنانے میں کوئی عار نہیں تھی، اس فیصلے نے عدالت کے پچھلے فیصلے کو خود ہی اڑا کر رکھ دیا، مجھے پورا یقین تھا فل کورٹ نہیں بنے گا۔ اگر انجانے میں جج صاحب سے غلطی ہوگئی تو تصحیح کرلیں، اگرغلطی کی تو لاڈلے کے حق میں، اگر تصحیح کی تو لاڈلے کے حق میں کی، ہمارے 25 اورچودھری شجاعت کے 10 ممبران بھی عمران کی جھولی میں گئے، اگر غلطی کی تصحیح کرنا تھی تو اقامہ کی غلطی کو کر لیتے، ثاقب نثارنے عمران کوصادق اورامین کا سرٹیفیکیٹ دیا اس کی تصحیح کرتے۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک ہی چیز فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ہے، کیس کو 8 سال ہو گئے ہیں، نوازشریف اورمیں جج بشیر کی عدالت میں روزانہ پیش ہوتے تھے، بھارتی، اسرائیلی شہریوں سے ممنوعہ فنڈنگ لی گئی، اگر مولانا،نوازشریف، مریم نواز نے اسرایئل،بھارت سے ممنوعہ فنڈنگ لی ہوتی تو کیا ہمارے ساتھ یہ سلوک ہوتا؟ منتخب وزیراعظم کواقامے کی بنیاد پرنکال دیا گیا۔ ہر سال الیکشن کمیشن میں جھوٹے کاغذات جمع کراتا رہا، خفیہ طریقے سے ملازمین کے اکاؤنٹ میں پیسے منگواتا رہا۔
مریم نواز نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنایا جائے، الیکشن کمیشن اس کے خفیہ اکاؤنٹ سامنے لائے، فارن فنڈنگ کے سارے حقائق قوم کے سامنے بلا تاخیر لائے جائیں، چیف الیکشن کمشنرکوعمران خان نے سلیکٹ کیا تھا۔ ممنوعہ فنڈنگ پاکستان میں منتخب حکومت کو گرانے اور پاکستان کو عدم استحکام کرنے کے لیے استعمال ہوئی، اگرفارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں آتا تو پھر تمام جماعتیں الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا دیں گی۔