Advertisements

مریم نواز کی قیادت —- پنجاب کی ترقی و خوشحالی کا سفر

Chief Minister Punjab Maryam Nawaz
Advertisements

تحریر۔ محمد طارق اسماعیل

جب بھی کسی قوم یا صوبے کی ترقی کا ذکر ہوتا ہے، قیادت کا وژن، خلوصِ نیت اور عوام سے جڑا جذبہ سب سے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پنجاب، جو پاکستان کا دل تصور کیا جاتا ہے، آج ایک نئی روح، نئے عزم اور جدید سوچ کے ساتھ ترقی کے راستے پر گامزن ہے  اور اس تبدیلی کی پیش رو ہیں وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف۔

Advertisements

مریم نواز نے جب پنجاب کی باگ ڈور سنبھالی تو انہوں نے عوام کو صرف وعدے نہیں، بلکہ ان وعدوں پر عملی اقدامات کا یقین دلایا۔ اُن کی قیادت میں نہایت مختصر وقت میں وہ فیصلے کیے گئے جن کے ثمرات عوامی سطح پر نمایاں طور پر محسوس ہو رہے ہیں۔ سہولت بازاروں کا قیام،سستے آٹے و راشن کی فراہمی، دھی رانی پروگرام، خواتین کی خودمختاری کے اقدامات، تعلیم و صحت میں انقلابی تبدیلیاں اور ستھرا پنجاب پروگرام جیسے منصوبے واضح کرتے ہیں کہ مریم نواز صرف سیاستدان نہیں، بلکہ ایک وژنری منتظم اور عوام کی نبض شناس رہنما ہیں۔

ان کی حکومت میں تعلیم کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ نئے کالجز، اسکولوں کی بحالی، گرلز ایجوکیشن پر خصوصی توجہ، اور ڈیجیٹل لرننگ کے لیے طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپس کی فراہمی ہونہار سکالر شپ پروگرام جیسے منصوبے مستقبل کے مضبوط اور باشعور پنجاب کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ صحت کے شعبے میں موبائل ہیلتھ یونٹس، بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن، تحصیل و ضلعی ہسپتالوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات اور فری ادویات کی فراہمی جیسے اقدامات عوامی فلاح کا عملی مظہر ہیں۔ انفراسٹرکچر کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر، نکاسی آب کے نظام کی اصلاح، دفاتر میں ای فائلنگ، آٹومیشن، ہاؤسنگ سوسائٹیز کی ڈیجیٹائزیشن اور اپنا گھر اپنی چھت جیسے فلاحی منصوبے روزمرہ زندگی کو سہل اور باعزت بنا رہے ہیں۔

Information Minister Punjab Uzma Bukhari
وزیر اطلاعات پنجاب محترمہ عظمیٰ بخاری

اسی ترقیاتی بیانیے کی مؤثر ترجمانی کی ذمہ داری وزیر اطلاعات پنجاب محترمہ عظمیٰ بخاری نے نہایت احسن طریقے سے سرانجام دی۔ ان کی زیرِ قیادت محکمہ اطلاعات نے حکومت کے ہر مثبت قدم کو بروقت اور مدلل انداز میں عوام تک پہنچایا۔ انہوں نے نہ صرف حکومتی اقدامات کو شفاف انداز میں پیش کیا بلکہ منفی بیانیے کا مدلل اور مہذب جواب دے کر میڈیا کی دنیا میں ایک متوازن اور ذمہ دارانہ مثال قائم کی۔ اُن کی حکمتِ عملی میں واضح معلومات، عوامی احساسات کی عکاسی اور بروقت ردِعمل جیسے عناصر نمایاں ہیں، جن کی بدولت عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے۔

یہ کہنا بجا ہوگا کہ مریم نواز کی حکومت صرف ترقیاتی منصوبوں تک محدود نہیں بلکہ وہ ایک ایسے جدید، بااختیار اور عوام دوست پنجاب کی تشکیل کے لیے کوشاں ہیں جہاں خواتین کو برابری، نوجوانوں کو باعزت روزگار، اور ہر شہری کو سہولت و تحفظ میسر ہو۔ آج کا پنجاب ایک ایسے تاریخی موڑ پر کھڑا ہے جہاں وژن، شفافیت، خدمت اور احساسِ ذمہ داری ہم قدم ہیں۔ اگر یہی رفتار اور خلوص برقرار رہا، تو وہ دن دور نہیں جب پنجاب ترقی، خوشحالی اور وقار کا حقیقی استعارہ بن جائے گا — ایک ایسا پنجاب جو وزیراعلیٰ مریم نواز کے خوابوں کی مکمل تعبیر ہوگا۔

  محمد طارق اسماعیل