مریم نواز کا لودھراں میں بچے کے کھلے ہول میں گرنے سے ہلاکت پر ڈپٹی کمشنر کو ہٹانے کا حکم
کسی معصوم جان کو سرکاری افسران کی غفلت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے، اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب
لودھراں : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لودھراں میں کمسن بچے کے کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعے کو سنگین غفلت قرار دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لودھراں کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا، اُنہوں نے بچے کی افسوسناک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی معصوم جان کو سرکاری افسران کی غفلت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے، اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں کھلے مین ہولز اور خطرناک مقامات کو فوری طور پر محفوظ بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا تدارک ہو سکے۔

