اخبار پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستانی معیشت میں مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی ملاقات کے لیے آنے والے آسٹریلوی ہائی کمشنر سے گفتگو

Maryam Aurangzeb conversation with the Australian High Commissioner

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق موجودہ حکومت کے فوری اور ٹھوس اقدامات کی بدولت ملکی معیشت میں مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستانی ثقافت، تہذیب و تمدن پوری دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں، حکومت نے فلم کے شعبہ میں بہت سی مراعات دی ہیں، غیر ملکی فلم ساز پاکستان میں عکس بندی اور فلم سازی کے شعبہ میں خصوصی رعایتوں سے فائدہ اٹھائیں۔ یہ بات انہوں نے ملاقات کے لئے آئے پاکستان میں آسٹریلیا کے سفیر نیل ہاکنز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، معاشی استحکام، فلم، آرٹ اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔ آسٹریلیا کے سفیر نے موجودہ حکومت کے ملکی معیشت کے استحکام اور آئی ایم ایف معاہدے کیلئے کاوشوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومت نے ملکی معیشت کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے، ان اقدامات کی بدولت ملکی معیشت میں مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے سفیر کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام بارے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ کونسل معاشی بحالی کیلئے پالیسی کی پشین گوئی، تسلسل اور موثر نفاذ کو یقینی بنائے گی، ایس آئی ایف سی فیصلہ سازی کے اعلیٰ فورم پر کام کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، حکومت نے اقتدار میں آتے ہی پہلے ہفتہ کے دوران آزادی اظہار رائے کا بل پارلیمنٹ میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن (ترمیمی) بل منظوری کے مراحل میں ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ رواں برس بجٹ میں صحافیوں اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کے لئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے جبکہ پہلی مرتبہ فلم انڈسٹری کے لئے بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستانی ثقافت، تہذیب و تمدن پوری دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے آسٹریلیا کے سفیر کو نیشنل امیچور فلم فیسٹیول کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل امیچور فلم فیسٹیول کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں نیشنل امیچور فلم فیسٹیول ایوارڈ کے 25 ہائی اچیورز آسٹریلیا روانہ ہوئے ہیں۔ فلم انڈسٹری کے لئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے 2 ارب روپے کی لاگت سے فلم فنانس فنڈ قائم کیا ہے، فلم کے شعبہ میں بہت سی مراعات دی گئی ہیں، حکومت فلم، ڈاکومنٹری اور ڈرامہ تیار کرنے پر فنڈز فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی فلم سازوں کو پاکستان میں عکس بندی اور فلم سازی کے شعبہ میں خصوصی رعایتوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آسٹریلیا کا میڈیا پاکستان کے حالات کو معروضی اور غیر جانبدارانہ انداز میں رپورٹ کرتا ہے جو لائق تحسین ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں پیمرا کے قانون کو بدلا جا رہا ہے، پیمرا اتھارٹی میں صحافتی تنظیموں کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔ اس موقع پر آسٹریلیا کے سفیر نے کہا کہ آسٹریلیا کی کمپنی بلوچستان میں ریکوڈک منصوبہ پر کام کر رہی ہے، ریکوڈک منصوبہ بلاشبہ پاکستان کی ترقی کا دروازہ کھولے گا۔ آسٹریلیا کے سفیر نے وفاقی وزیر اطلاعات کی فلم اینڈ کلچر اور ملک میں آزادی اظہار رائے کے فروغ کے لئے کوششوں کو سراہا۔

مزید پڑھیں