سازش کا شور مچانے والا اب امریکا سے معافیاں مانگ رہا ہے مریم نواز
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ ہمیں تاریخ کے سب سے بڑے بہروپیے کا سامنا ہے اور سازش کا شور مچانے والا اب امریکا سے معافیاں مانگ رہا ہے۔
لاہور میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 170 میں ویلنشیا چوک پر انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ منی گالا گینگ نے بےدردی کے ساتھ پنجاب کے خزانے پر غدر مچایا، آج حمزہ شہباز نے اعلان کیا ہےکہ 100 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں پر بل نہیں آئےگا، 75سال میں کیا کبھی ایسا ہوا کہ بجلی استعمال کریں اور مہینے کے آخر میں بل بھی نہ دینا پڑے
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرا بس چلے تو سب کچھ آپ کے سامنے لا کر ڈال دوں، پچھلے چار سال میں فتنہ خان کے امیر دوستوں کو نوازا جاتا تھا، خزانہ خالی ہے اس کے باوجود شہباز شریف نے یوٹیلٹی اسٹور پر سبسڈی دی ہے، ہمیں آئے ابھی ڈھائی ماہ ہوئے ہیں ہماری کوشش ہے غریب کا چولہا جلتا رہے۔
نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ لوگوں کو یہ غدار کہتا رہا اور آج اس کی اہلیہ کی آڈیو سامنے آگئی، کہتی ہیں مجھ پر یا فرح گوگی پر کوئی الزام لگائے تو سب کا جواب غدار دینا ، مجھ پر ایک بھی الزام ثابت نہیں کرسکا اور اس کی اہلیہ کی آڈیو سامنے آگئی ہے، نواز شریف پر الزامات لگے لیکن ایک بھی ثابت نہیں ہوا، نواز شریف نے سی پیک بنایا، عمران نے جی پیک بنایا، یعنی گوگی، پنکی اکنامک کوریڈور۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست کا پالا ایسے شخص سے پڑگیا ہے جو سب سے بڑا فتنہ ہے، تاریخ کا سب سے بڑا ڈرامہ خط، سازش کے پیچھے لوگوں کو لگایا، دن رات جلسوں میں ڈونلڈلو کو بدنام کرتا رہا اور دو دن پہلے اپنے عہدیدار کو امریکا میں ڈونلڈلو کے پاس بھیجا کہ غلطی ہوگئی معاف کردو، یہ مذاق اس نے ہمارے ساتھ نہیں پاکستان کے ساتھ کیا ہے۔
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف پر الزامات لگے ایک بھی ثابت نہ ہوسکا، نواز شریف کو کوئی کبھی کوئی چھوڑ کر نہیں گیا اگر گیا تو اس نے کہا میں نے نواز شریف کو کرپٹ نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی نواز شریف کو چھوڑ کر گیا باہر جا کر نواز شریف کی شرافت کی ضمانت دی، ایک فتنہ جس کی نظر پھر پنجاب پر ہے وہ پنجاب پر پھر ڈاکہ ڈالنا چاہتا ہے۔