اگلے دو دن میں شہباز شریف عوام کو ریلیف دینگے، مریم نواز
ساہیوال:پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اگلے دو دن میں شہباز شریف عوام کے لئے بہت بڑے ریلیف کا اعلان کرنے والے ہیں۔
ضمنی انتخابات کے حوالے سے حلقہ پی پی 202 چیچہ وطنی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ آپ نے میرا شاندار استقبال کر کے میرا دل جیت لیا، میں آپ لوگوں کی محبتوں کی شکر گزار ہوں، چیچہ وطنی کا جذبہ بتا رہا ہے کہ 17کو شیر آرہا ہے۔ چیچہ وطنی 17 جولائی کو فیصلہ سنائے گا کہ ایک مرتبہ پھر یہ شہر شیرکے ساتھ ہے
انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں عمران خان کی وجہ سے بڑھانی پڑیں، جتنے مشکل فیصلے ہونے والے تھے وہ ہو گئے، شہباز شریف عوام کے لئے بہت بڑے ریلیف کا اعلان کرنے والے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں کم ہوتے ہی وزیراعظم عوام کو ریلیف دینگے، عمران خان کی صورت میں جو بلا آئی تھی وہ ٹل گئی ہے، ہاں ہم آلو پیاز کے ریٹ پتہ کرنے آئے ہیں۔ روز میڈیا پر عمران خان کے کارنامے کھلتے ہیں، پنجاب میں آکر ڈیڑھ گھنٹہ ہمارا سر کھاتا ہے، عمران خان چار سال میں کوئی چار کام بھی نہیں کر سکے، ہم عوام کی مشکلات کو ختم کر دیں گے
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ فرح گوگی، بشریٰ بی بی کی فرنٹ ویمن ہیں، بشریٰ بی بی عمران خان کی فرنٹ ویمن تھی، فرح گوگی وہ بچی ہے جو پنجاب لوٹ کر کھا گئی، عمران خان نے کبھی عوام کی عدالت میں صفائی پیش نہیں کی، آج کل فتنہ خان تقریروں میں گالیاں دیتا ہے، عمران خان روتا پھر رہا ہے دھاندلی ہونے والی ہے، عمران خان جان چکا ہے پنجاب اس کو ووٹ نہیں دے گا، پنجاب کو پتہ چل گیا ہے کہ گوگی اور بشریٰ کو ووٹ نہیں دینا۔پنجاب میں پنکی پیرنی کا کالا جادو نہیں چلنے والا، پنجاب کے عوم کو مفت بجلی ملتی ہے تو فتنہ خان کو کیوں تکلیف ہوتی ہے، صوبے کے بچے غریب ہو گئے بشری بی بی کے بچے راتوں رات ارب پتی بن گئے۔
مریم نواز نے کہا کہ 2018کےالیکشن سے پہلے اس نے 5وعدے کئے تھے، عمران خان نے وعدہ کیا تھا ایک کروڑ نوکریاں دیں گے، وزیراعظم ہاوس کو اس نے بلیک میلنگ کیلئے استعمال کیا، جس وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانی تھی اس کو اس نے بلیک میلنگ کا اڈا بنا دیا، عمران خان ! عوامی بھلائی کا ایک منصوبہ بتا دو۔ پی ٹی آئی چیئر مین نے توشہ خانہ منصوبے پر اپنی تختی لگائی، سابق وزیراعظم کا رپورٹ کارڈ آپ کو ستاتی ہے، عمران خان پہلا حکمران ہے جو ریاست کو ملے ہوئے تحفوں کو بیچتا رہا۔ اس نے 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا۔