مارلوز کراٹے سینٹر احمد پور شرقیہ کے زیراہتمام جشنِ آزادی 14 اگست کے حوالے سے شاندار تقریب
اسسٹنٹ کمشنر اقراء ناصر نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ محمد اسحاق گجر نے اسسٹنٹ کمشنر اقراء ناصر کو بطورِ اعزاز اجرک پیش کی
جشنِ آزادی کی تقریب میں انٹر ڈسٹرکٹ بوائز اینڈ گرلز کراٹے چیمپین شپ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور انعامات تقسیم کیے گئے
احمد پور شرقیہ : مارلوز کراٹے سینٹر احمد پور شرقیہ کے زیراہتمام جشنِ آزادی 14 اگست کے حوالے سے ایک شاندار، پُروقار اور کامیاب تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں احمد پور شرقیہ کی بڑی تعداد میں عوام سمیت کھلاڑیوں، بچوں، والدین، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اقراء ناصر نے سب سے پہلے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ محمد اسحاق گجر نے اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر اقراء ناصر کو بطورِ اعزاز اجرک پیش کی جبکہ انٹر ڈسٹرکٹ بوائز اینڈ گرلز کراٹے چیمپین شپ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور انعامات تقسیم کیے گئے، ساؤتھ پنجاب جونیئر کراٹے چیمپین شپ میں کامیاب ہونے والے بچوں اور ان کے والدین کو بھی خصوصی طور پر انعامات سے نوازا گیا۔
چیمپین شپ کے کامیاب انعقاد میں ریفرنگ، ججنگ اور کوچنگ ٹیم نے بھی اہم کردار ادا کیا، جن میں شوکت علی گھلو (انٹرنیشنل گولڈ میڈلسٹ)، عبدالرزاق گجر، شفیق قریشی، محمد متین، سہیل منظور صاحب، نعیم باری، محمد نوید اور امجد سیال شامل تھے۔ جشنِ آزادی کی مناسبت سے کیک کٹنگ کی گئی، جبکہ کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے کراٹے میٹ کی فراہمی کا بھی اعلان کیا گیا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سپورٹس میڈیا سے وابستہ شخصیات اور اساتذہ کو بھی ان کی خدمات کے اعتراف میں میڈلز سے نوازا گیا۔ بچوں اور کھلاڑیوں کے شاندار کراٹے ڈیمانسٹریشنز اور ملی نغموں نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔ آخر میں تمام معزز مہمانوں، احمد پور شرقیہ کی عوام، والدین، کھلاڑیوں، بچوں، اساتذہ، ریفریز، ججز، کوچز، میڈیا نمائندگان اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے اس تقریب کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

