Advertisements

ملک منیر اقبال چنڑ کی پیپلز سیکرٹریٹ آمد، ضمنی الیکشن میں بھرپور حمایت پر پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں سے اظہارِ تشکر

Malik Munir Iqbal Chanar Visits Peoples Secretariat, Thanks PPP Leadership and Workers for Full Support in By-Election
Advertisements

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور باہمی سیاسی ہم آہنگی، عوامی خدمت اور بہاولپور کی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔


بہاولپور+اوچشریف (کرائم رپورٹر ) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ملک منیر اقبال چنڑ نے پیپلز سیکرٹریٹ بہاولپور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بھرپور حمایت اور تعاون پر مرکزی و مقامی قیادت، عہدیداران اور کارکنوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور باہمی سیاسی ہم آہنگی، عوامی خدمت اور بہاولپور کی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔

Advertisements

رکن قومی اسمبلی ملک منیر اقبال چنڑ نےاس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی اور مقامی قیادت کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ضمنی الیکشن کے دوران جس خلوص، جذبے اور بھرپور انداز میں ان کی حمایت کی، وہ ان کے لیے انتہائی قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان باہمی احترام، تعاون اور عوامی مفاد کے لیے مشترکہ جدوجہد جمہوری روایات کا حسن ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے والد محترم نے گزشتہ 60 سال سے اس شہر کی خدمت کی ہے اور خدمت کا یہ سفر ان شاء اللہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ہمارا مقصد سیاست برائے سیاست نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور بہاولپور کی تعمیر و ترقی ہے۔ ہم سب نے مل کر اس شہر کو سنوارنا اور اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

ملک منیر اقبال چنڑ نے مزید کہا کہ میاں شہباز شریف اور محترمہ مریم نواز کی قیادت میں بہاولپور کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ ضمنی الیکشن میں عوام نے جس شاندار انداز میں کامیابی سے ہمکنار کیا، اس پر وہ بہاولپور کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل اور ان کی خدمت کے لیے ان کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور وہ بلا تفریق عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں

پاکستان پیپلز پارٹی میٹروپولیٹن کارپوریشن بہاولپور کے صدر ملک امتیاز چنڑ نے اپنے خطاب میں ملک منیر اقبال چنڑ کی پیپلز سیکرٹریٹ آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ کی حمایت دراصل میثاقِ جمہوریت کی روح، جمہوری روایات اور باہمی سیاسی تعاون کے عزم کی پاسداری تھی۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام، سیاسی مفاہمت اور جمہوری اداروں کے احترام کو اہمیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم عوامی مفاد اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے سیاسی جماعتوں کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون وقت کی ضرورت ہے۔ بہاولپور کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔

تقریب سے سید زوار حسین شاہ، صاحبزادہ عاصم عباسی، فاروق مغل، سید امجد بشیر، پیٹر جان مٹو، ملک اسحاق ایڈووکیٹ، رانا سلیم جان، سید سعید الدین، نذیر بھٹہ ایڈووکیٹ، اجمل جوئیہ، کامران علی، رانا شہزاد، خرم شہزاد، نعمان علی، لیاقت شاہ، خواجہ ولید اور رخسانہ کوثر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور کی ترقی، عوامی مسائل کے حل اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون اور سیاسی ہم آہنگی کے ذریعے شہر کو ترقی کی نئی منازل سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔تقریب کے اختتام پر ملک منیر اقبال چنڑ نے پیپلز پارٹی کی قیادت، عہدیداران اور کارکنوں کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بہاولپور کی ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رہیں گی۔