مخدوم سید عامر علی شاہ کا افغان طالبان رجیم کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
بھارت کی سرپرستی میں سرگرم عناصر خطہ کا امن خراب کی کوشش کر رہے ہیں مگر افواج پاکستان پوری طرح چوکس اور ہمہ وقت تیار ہیں رکن پنجاب اسمبلی
اوچ شریف ( کرائم رپورٹر)ممبر صوبائی اسمبلی مخدوم سید عامر علی شاہ نے افغان رجیم طالبان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے بروقت اور مؤثر کارروائی کر کے دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ ملکی سرزمین کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم عناصر خطے کا امن سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم افواجِ پاکستان دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ افغان طالبان کی جانب سے پاکستان پر کسی بھی حملے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور پاکستان اپنی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
مخدوم سید عامر علی شاہ نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی دفاع، خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھاتا رہے گا اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

