Advertisements

عمرہ نظام میں بڑی اصلاحات، نئے رولز نافذ

Khana-Kaaba
Advertisements

صرف وزارت مذہبی امور سے تصدیق شدہ عمرہ کمپنیاں ہی زائرین کو خدمات فراہم کر سکیں گی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے حج و عمرہ ایکٹ 2024 کے تحت عمرہ انتظامات کے لیے نئے رولز نافذ کر دیے ہیں، جن کا مقصد عمرہ نظام میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور زائرین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ نئے قواعد کے مطابق عمرہ انتظامات اب وزارت مذہبی امور کے دائرہ اختیار میں ہوں گے جب کہ عمرہ پالیسی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی، نئی عمرہ پالیسی وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ العمل ہوگی۔

Advertisements

حکومت نے واضح کیا ہے کہ صرف وزارت مذہبی امور سے تصدیق شدہ عمرہ کمپنیاں ہی زائرین کو خدمات فراہم کر سکیں گی، عمرہ کمپنیوں کو نسک معاہدوں کی فوری تصدیق کرانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ وزارت کی جانب سے مستند عمرہ آپریٹرز کی فہرست اپنی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی جب کہ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بکنگ صرف رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ کمپنیوں سے ہی کروائیں۔ وزارت نے خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ کمپنیوں سے بکنگ کی صورت میں ذمہ داری خود زائرین پر ہوگی جب کہ شکایات کا ازالہ صرف تصدیق شدہ عمرہ کمپنیوں کے خلاف کیا جائے گا۔ نئے رولز کے تحت عمرہ پیکیجز کی ادائیگی بینکنگ چینل کے ذریعے کرنے اور تمام متعلقہ دستاویزات محفوظ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ نئے اقدامات سے عمرہ آپریشنز میں بہتری، فراڈ کی روک تھام اور زائرین کو محفوظ اور بہتر سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔